مشکوک ایکشن؛ میڈیکل بنیاد پر سعید اجمل کا بچ نکلنا دشوار

اسپورٹس رپورٹر / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 ستمبر 2014
کونسل اب طبی بنیادوں کے شواہد کو اہمیت نہیں دیتی، اگر آج مرلی دھرن کھیل رہے ہوتے تو وہ بھی معطل ہوجاتے، کوچز مسئلہ حل کرا دیں گے، شہریار خان  فوٹو: فائل

کونسل اب طبی بنیادوں کے شواہد کو اہمیت نہیں دیتی، اگر آج مرلی دھرن کھیل رہے ہوتے تو وہ بھی معطل ہوجاتے، کوچز مسئلہ حل کرا دیں گے، شہریار خان فوٹو: فائل

لاہور / کراچی: مشکوک ایکشن کے معاملے میں میڈیکل بنیاد پر سعید اجمل کا بچ نکلنا دشوار ہو گا، پاکستان کرکٹ بورڈ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہے۔

اسی لیے آئی سی سی سے اپیل کا ارادہ ترک کردیا ہے، وہ بولنگ ایکشن کی درستگی کا کام شروع کرکے انھیں جلد سے جلد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس لانا چاہتا ہے۔ چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی اب میڈیکل بنیاد پر شواہد کو اہمیت نہیں دیتی، اگر آج مرلی دھرن کھیل رہے ہوتے تو وہ بھی معطل ہوجاتے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری اپیل پرآئی سی سی انہی شواہد کو اہمیت دیتی جو برسبین کی لیبارٹری میں سامنے آئے، ظاہر ہے کہ وہ حوصلہ افزا نہیں ہیں۔شہر یار خان کو امید ہے کہ ثقلین مشتاق سمیت پاکستان کے پاس موجود کوچزکی مدد سے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں بہتری تین سے 6 ہفتے میں ہو جائیگی تاکہ وہ ورلڈکپ میں حصہ لے سکیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کو بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے قائم کردہ اپنی کمیٹی کے سامنے پیر کو پیش ہونے کیلیے کہا ہے، ان کی مشکل کا حل نکالنے کیلیے ماہرین کا 4 رکنی پینل تشکیل دیدیا گیا۔’’دوسرا‘‘  کے موجد ثقلین مشتاق  بولنگ ایکشن سدھارنے کیلیے 22 ستمبر کو پاکستان آئیں گے، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد، انٹرنیشنل امپائر اور ایک غیر ملکی بائیومکینک ایکسپرٹ کی معاونت بھی حاصل ہوگی، الجھن میں گرفتار آف اسپنر پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرینگے، انھیں کیریئر بچاؤ مہم کیلیے قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں شرکت سے محرومی گوارا  کرنی پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق آف اسپنر کی تینوں قسم کی گیندوں کے دوران بازو کا خم 35 سے 40 ڈگری تک تھا،نئے آئی سی سی قوانین کے تحت ماضی کے برعکس حادثاتی طور پر بازو میں خم زیادہ ہونے پر بھی رعایت  ملنے کی امید نہیں، لہٰذا اپیل میں جانے کے بجائے ان کے ایکشن پر کام کرکے دوبارہ جائزے کیلیے پیش کرنا مناسب ہوگا۔ آف اسپنر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہونے پر قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کیلیے فیصل آباد  وولفز ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، تاہم پی سی بی کی طرف سے انھیں ایونٹ میں شرکت کے بجائے ایکشن کی درستگی کاکام شروع کرنے کیلیے پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان میں بائیومکینک لیب کا منصوبہ 2007 سے کھٹائی میں پڑا ہوا ہے، ساڑھے 4 کروڑ کی مشینری موجود مگر این سی اے میں عمارت کا 40 فیصد کام باقی ہے،اس صورتحال میں ایک تجویز یہ بھی ہے کہ آئی سی سی کو دوبارہ ٹیسٹ کیلیے باقاعدہ درخواست دینے سے قبل ایکشن میں بہتری کا جائزہ لینے کیلیے نجی طور پر کسی غیر ملکی لیبارٹری کی خدمات حاصل کرلی جائیں تاکہ بیک فائر کا صدمہ نہ اٹھانا پڑے۔ دوسری جانب پی سی بی نے تصدیق کی  کہ ثقلین مشتاق  کی آمد 22 ستمبر کو متوقع ہے، حکام ان کی مدد سے سعید اجمل کے ایکشن کا مسئلہ حل ہونے کیلیے پر امید ہیں، 37 سالہ سابق کرکٹر ان دنوں انگلینڈ میں مقیم اور اپنی اکیڈمی چلا رہے ہیں تاہم پی سی بی کی جانب سے رابطہ کرنے پر وہ تقریبا ایک ماہ کیلیے لاہور آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔