ایشین گیمز؛ پاکستانی ٹیموں کی روانگی کا سلسلہ شروع

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 ستمبر 2014
مقابلوں کا 19 ستمبر کو آغاز ہوگا۔  فوٹو: فائل

مقابلوں کا 19 ستمبر کو آغاز ہوگا۔ فوٹو: فائل

لاہور: ایشین گیمز کیلیے پاکستانی ٹیموں کی روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا، فٹبال اور ہاکی اسکواڈز جنوبی کوریا چلے گئے، ایونٹ کا آغاز 19 ستمبر سے انچیون میں ہوگا، فنڈز کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے دیگر ایونٹس کا حصہ بننے والے قومی پلیئرز وقفے وقفے سے جائیں گے۔

ایشیا کے سب سے بڑے ملٹی اسپورٹس ایونٹ میں خطے کے تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس ایکشن میں نظر آئیں گے، 4 اکتوبر تک شیڈول مقابلوں میں 28 اولمپک اور 8 نان اولمپک کھیلوں میں 439 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگا، اس بار بھی چین فیورٹ ہے، میزبان جنوبی کوریا نے کم از کم 90 طلائی تمغوں کے حصول کو ہدف قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق 17 ویں ایشین گیمز کا میدان 19 ستمبر سے کوریا کے شہر انچیون میں سجے گا، مقابلوں میں شرکت کیلیے غیرملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا،جمعرات کو پاکستانی ہاکی اور فٹبال ٹیموں نے انچیوین کیلیے اڑان بھری۔

ٹائٹل کا دفاع کرنے والی ہاکی ٹیم لاہور سے گئی جبکہ فٹبال اسکواڈ سیالکوٹ سے کوریا روانہ ہوا۔ ایک اندازے کے مطابق گیمز میں 150 پاکستانی ایتھلیٹس ایکشن میں نظر آئیں گے، ہاکی، اسکواش اور ویمنز کرکٹ میں پاکستان ٹائٹلز کا دفاع کرے گا، کبڈی، باکسنگ اورریسلنگ میں اس بارمیڈل حاصل کرنے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین نے ابتدائی طور پر 300 سے زائد ایتھلیٹس کو کوریا بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بدھ کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس میں صرف 150 پلیئرز کو ہی بھیجنے کی اجازت دی گئی، اس کی وجہ فنڈز کی کمی اور دیگر مسائل بتائے جاتے ہیں۔

فٹبال ایونٹ افتتاحی تقریب سے قبل ہی شروع ہوجائے گا، پاکستانی ٹیم کو گروپ ایف میں چین اورشمالی کوریا کا چیلنج درپیش ہے، اس گروپ کا پہلا مقابلہ 15 ستمبر کو چین اور شمالی کوریا کے مابین ہوگا، پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز 18 ستمبر کو شمالی کوریا کیخلاف کرے گی، دوسرا اور آخری گروپ میچ 22 تاریخ کو چین سے شیڈول ہے، ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں پری کوارٹر فائنل رائونڈ کیلیے کوالیفائی کرجائیں گی، اس مرحلے کا آغاز 25 ستمبر سے ہوگا۔ ہاکی ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے والی گرین شرٹس ٹیم گروپ بی میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کیخلاف 20 ستمبر کو کھیلے گی، اگلے روز چین سے مقابلہ شیڈول ہے، 25 ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے ٹکرائو ہوگا، ایک دن کے وقفے سے آخری میچ میں 27 کو اومان سے سامنا ہوگا۔

گروپ اے میں میزبان جنوبی کوریا، ملائیشیا، جاپان، بنگلہ دیش اور سنگاپور شامل ہیں۔ اسکواش مینز اور ویمنز مقابلوں کا آغاز 20 ستمبر سے ہونا ہے، ان مقابلوں میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یاد رہے کہ 2010 کے گوانگ ژائو ایشین گیمزمیں چین نے 199 گولڈ میڈلز کے ساتھ میلا لوٹ لیا تھا، جنوبی کوریا نے 76 طلائی تمغوں کے ہمراہ دوسری اور جاپان نے 48 میڈلز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان کے ہاتھ ویمنز کرکٹ، ہاکی اور اسکواش میں طلائی تمغے آئے تھے، ووشو اور اسکواش میں 2 سلور جبکہ کبڈی، اسنوکر اور مینز کرکٹ میں ایک، ایک برانز میڈل ملا،اس بار قومی کھلاڑی زیادہ بہتر کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔