امریکا نے ویزہ جاری کرنے کے باوجود باکسرعامرخان کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 12 ستمبر 2014
پابندی کے حوالے وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون بات کے ساتھ لندن میں امریکی سفارت خانے کے سامنے بھی معاملے کو اٹھایا جائے گا،عامرخان. فوٹو؛ فائل

پابندی کے حوالے وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون بات کے ساتھ لندن میں امریکی سفارت خانے کے سامنے بھی معاملے کو اٹھایا جائے گا،عامرخان. فوٹو؛ فائل

لندن: امریکا نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ویزہ جاری کرنے کے باوجود ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ۔

دو مرتبہ ہیوی ویٹ چیمپئن رہنے والے عامر خان کو لاس اینجلس میں مارکوس میڈیانا اور فلوڈ میویدر کے درمیان ہونے والا میچ دیکھنے جانا تھا تاہم ایک ہفتے قبل امریکی ویزہ جاری ہونے کے باوجود امریکا نے ان کے داخلے پر پابندی لگا دی جس پر عامر خان نے سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ امریکی حکام نے ایک ہفتہ قبل ویزہ جاری کیا لیکن داخلے پر پابندی افسوسناک ہے تاہم لاس اینجلس میں فائٹ دیکھنے کے لئے پر امید ہوں۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے بھی بات کی جائے گی جبکہ لندن میں امریکی سفارت خانے کے سامنے بھی معاملے کو اٹھایا جائے گا۔

دوسری جانب عامر خان کے وکلا نے لاس اینجلس میں امریکی امیگریشن حکام کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے جبکہ لندن میں وکلا کی ایک ٹیم نے ہنگامی طور پر سفارتخانے سے بھی رابطہ شروع کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال عامر خان کو لاس اینجلس ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے روک کر 2 گھنٹے تک تلاشی لی جس پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ انہیں صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر روکا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔