ایکنک کے اجلاس میں پولیو کے خاتمے کیلئے ایمرجنسی پلان منظور

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 13 ستمبر 2014
کوہستان میں 128 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی سمری بھی منظور،منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں،اسحق ڈار فوٹو: فائل

کوہستان میں 128 میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی سمری بھی منظور،منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں،اسحق ڈار فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک)نے32.7 ارب روپے مالیت کے پولیو کے خاتمے کے ایمرجنسی پلان سمیت 66.5 ارب روپے کے 2 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

ایکنک کا اجلاس ہفتے کووفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی وزرا پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ آصف، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کی طرف سے ملک سے پولیو کے خاتمے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایکنک نے منظوری دے دی ہے ایکنک کو وزارت منصوبہ بندی نے فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے ہنگامی پلان بارے پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ویکسین یونیسیف کی طرف سے خریدی جائے گی اور صوبائی و ضلعی حکومتوں کے تعاون سے ملک بھر میں سوشل موبلائزیشن اینڈ کمیونیکیشن مہم چلائی جائے گی جبکہ آپریشنل سرگرمیاں صوبائی و ضلعی حکومتوں کے ذریعے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)انجام دے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعدہیلتھ سروسزاب صوبائی ذمے داریاںہیںلیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت ازخود اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے ڈونرز کے ساتھ معاہدوں کے ذریعے پولیو جیسے اہم شعبے کے لیے فنڈز کا بندوبست کررہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو کے خاتمے کے منصوبے پر مجموعی طور پر 326.838 ملین ڈالر 32.7) ارب روپے(لاگت آئے گی جس میں سے 227ملین ڈالر کا قرضہ اسلامی ترقیاتی بینک ،23.600 ملین ڈالر کا قرضہ عالمی بینک، 8.031ملین ڈالر کی گرانٹ جائیکا جبکہ 68.207ملین ڈالر کی گرانٹ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن فراہم کرے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ منصوبے کے لیے لیے جانے والے قرضے کا سودبل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ ایکنک کی طرف سے 27.8ارب روپے مالیت کے خیال خواڑ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی جس سے128 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی یہ منصوبہ صوبے خیبرپختونخواہ کے علاقے کوہستان میں لگایا جائے گا اور واپڈا 4 سال میں منصوبہ مکمل کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔