اسلام آباد پولیس نے ایکسپریس نیوز کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر کو کوریج کے دوران گرفتار کرلیا

ایکسپریس ڈیسک  اتوار 14 ستمبر 2014
عدنان حسین نے جیل کی وین سے پیغام بھیجاکہ انھیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے. فوٹو: فائل

عدنان حسین نے جیل کی وین سے پیغام بھیجاکہ انھیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے. فوٹو: فائل

اسلام آباد: ایکسپریس ٹی وی کے معروف پروگرام ٹودی پوائنٹ کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر عدنان حسین کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔

شاہ زیب خان زادہ کی میزبانی میں نشر کئے گئے حالات حاضرہ کے مقبول عام پروگرام کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر 27سالہ عدنان حسین کو اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کے ساتھ گرفتار کرکے اڈیالہ جیل بھیج دیا۔ عدنان حسین 14اگست سے دھرنوں کی کوریج کے لیے اسلام آبادمیں موجود ہیں۔ ان کے ساتھی محمدکامل نے ایکسپریس ٹریبیون کوبتایا کہ ہفتے کوعدنان حسین نے انھیں جیل کی وین سے پیغام بھیجاکہ انھیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔تاہم اپنی گرفتاری کی وجہ سے وہ خودبھی لاعلم تھے۔ بعدمیں پولیس نے انھیں کورٹ میں پیش کیااور اڈیالہ جیل بھجوادیا۔

اسلام آبادپولیس کے ترجمان ابرارحسین سے رابطہ کیاگیا توان کاکہنا تھاکہ یہ دیکھناضروری ہے کہ انھیں مظاہرین کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے یاتنہا۔ انھوں نے مزید کہاکہ گزشتہ 2 دن میں سیکڑوں مظاہرین گرفتار کئے گئے ہیں جن میں سے متعدد کو جیل بھجوا دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی اسلام آبادمتعلقہ افسرکے خلاف ایکشن لے سکتے ہیں جس نے عدنان حسین کو بلاجواز گرفتارکیا۔ شاہ زیب خان زادہ کے مطابق وزارت داخلہ نے انھیں بھرپورتعاون کااور عدنان کی جلدرہائی کایقین دلایاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔