دھرنے کے شرکا کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑگئی

قیصر شیرازی  اتوار 14 ستمبر 2014
جیل حکام نے آئی جی جیل خانہ جات کو مزید فنڈز مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔   فوٹو: فائل

جیل حکام نے آئی جی جیل خانہ جات کو مزید فنڈز مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی وسیع پیمانے پر گرفتاریوں کے پیش نظر سیکریٹری داخلہ پنجاب اور اسلام آباد انتظامیہ کے حکم پراڈیالہ جیل میں خصوصی بیرک خالی کرا لی گئی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 3 ہزار 187 کارکن گرفتار کئے گئے جس کے بعد اڈیالہ جیل میں جگہ کم پڑگئی ہے۔ اڈیالہ جیل میں 2ہزار 200 افراد کی گنجائش ہے تاہم اس وقت جیل میں 6 ہزار قیدی اور حوالاتی بند ہیں۔ اس کے علاوہ جیل حکام کو مزید 500 کارکنان کی گنجائش پیدا کرنے کا کہا گیا ہے۔ جس کے بعد ایک ایک بیرک میں مزید50 سے 100حوالاتیوں کو ٹھونسا جارہا ہے۔ اس قدر زائد تعداد کے باعث تمام حوالاتی باریوں میں سونے پر مجبورہوگئے ہیں۔

جیل میں مزید قیدیوں کی گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے جیل احاطے  ٹینٹ لگا دیئے گئے ہیں جبکہ جیل حکام نے آئی جی جیل خانہ جات کو مزید فنڈز مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔