نائیجیریا میں فورسز کے حملے میں 100 عسکریت پسند ہلاک، متعدد زخمی

آن لائن  اتوار 14 ستمبر 2014
بوکوحرام کیخلاف سیکیورٹی فورسز کا زمینی وفضائی آپریشن، درجنوں جنگجو فرار ہونے میں کامیاب۔  فوٹو : فائل

بوکوحرام کیخلاف سیکیورٹی فورسز کا زمینی وفضائی آپریشن، درجنوں جنگجو فرار ہونے میں کامیاب۔ فوٹو : فائل

ابوجا: نائیجیریا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بوکوحرام کے کم ازکم 100 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ فوج نے بورنوکے شمال مشرق میں بوکوحرام جنگجوؤں کا حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ فورسز نے ریاست بورنو کے قصبے کوندیوگا میں عسکریت پسندوں کیخلاف زمینی اورفضائی آپریشن کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ درجنوں عسکریت پسند ایک ٹرک میں سوار ہوکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ادھر بوکو حرام کے جنگجوؤں نے بورنوکے شمال مشرق میں حملہ کیا جس سے نمٹنے کیلیے مزید اہلکار بھیجے گئے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ فوج نے اس حملے کو پسپا کردیا ہے تاہم لڑائی سے متعلق آزاد ذرائع سے معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔

حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی لڑائی میں حملہ آوروں کو بھی جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ نائیجیریا کی حکومت کو بوکوحرام کے جنگجوؤں کیخلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کے بعد نیشنل آرمی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بوکوحرام کے جنگجوؤں نے نائیجیریا کی ریاست بورنوکے کچھ قصبوں پر قبضہ کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔