ڈیوس کپ میں اعصام الحق کی مسلسل تیسری ناکامی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  پير 15 ستمبر 2014
 ابتدائی ریورس سنگلز میں بھی اعصام کو میزبان پلیئر ڈانائی اوڈمچوک نے اسٹریٹ سیٹ میں 0-6 اور1-6 سے باآسانی ہرادیا۔ فوٹو: فائل

ابتدائی ریورس سنگلز میں بھی اعصام کو میزبان پلیئر ڈانائی اوڈمچوک نے اسٹریٹ سیٹ میں 0-6 اور1-6 سے باآسانی ہرادیا۔ فوٹو: فائل

کراچی / جنیوا / پیرس: تھائی لینڈ کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق کو مسلسل تیسری شکست ہوگئی، تھائی لینڈ نے 1-4 سے ٹائی اپنے نام کرلی۔

21 سے 23 نومبرکو شیڈول فائنل میں فرانس کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کی میزبانی کریگی، سیمی فائنلزمیں اٹلی کو 2-3 سے شکست ہوگئی، پیرس میں جمہوریہ چیک کیخلاف فرانس نے 1-4 سے غلبہ حاصل کرلیا، امریکی نے آئندہ برس ورلڈ گروپ کھیلنے کا استحقاق پالیا۔

تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کیخلاف ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق کو مسلسل تیسری شکست ہوگئی، تھائی لینڈ نے 1-4 سے ٹائی اپنے نام کرلی، قومی ٹیم ابتدائی دو سنگلز کے بعد اولین ڈبلز میں ناکامی پر ایشیا اوشیانا گروپ ون میں پہنچنے کا امکان ختم کرچکی تھی، تاہم اتوار کو ابتدائی ریورس سنگلز میں بھی اعصام کو میزبان پلیئر ڈانائی اوڈمچوک نے اسٹریٹ سیٹ میں 0-6 اور1-6 سے باآسانی ہرادیا، واضح رہے کہ ڈبلز کی عالمی رینکنگ میں اوڈمچوک کا نمبر 197 ہے جبکہ اعصام 28ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔

دوسرے غیراہم ریورس سنگلز میں ثمر افتخار کیخلاف میدان میں اترنے والے تھائی پلیئر پروسارا اچویا 4-6 ، 6-3 اور1-1 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوگئے، گذشتہ دنوں ڈبلز میں اعصام اور عقیل کی جوڑی کو تھائی پلیئرز سانچائی اور سونچات ریٹی ویٹانا نے 7-5 ،6-2 اور 6-2 سے شکست دی تھی جبکہ ابتدائی سنگلز میں پروسارا اچویا نے اعصام کو 3-6 ،6-3 اور 6-2 سے ہرادیا تھا اور ثمر افتخار کو اوڈمچوک کے ہاتھوں 6-0 ، 6-4 اور6-1 سے ناکامی کا سامنا رہا تھا۔

جنیوا میں سیمی فائنل ٹائی میں سوئٹزرلینڈ نے اٹلی پر 3-2 سے فتح حاصل کرلی، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر نے اتوار کو سیمی فائنل ٹائی کے پہلے ریورس سنگلز میں اطالوی حریف فابیو فوگنینی کو 6-2 ، 6-3 اور7-6 (7/4) سے شکست دیدی، دوسرے ریورس سنگلز میں اٹلی کے آندریس سیپی نے مائیکل لیمر کیخلاف 6-4 ، 1-6 اور6-4 سے کامیابی پائی،فیڈرر اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ڈیوس کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، سوئٹزر لینڈ نے 1992 کے بعد پہلی بار ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی ہے، 22 برس قبل انھیں فائنل میں امریکا نے ہرادیا تھا۔

فرانس نے بھی گذشتہ دن جمہوریہ چیک کو مات دیکر چار برس بعد ایونٹ کے فائنل میں نشست پائی تھی، فائنل 21 سے 23 نومبر تک شیڈول ہے، جس کا ممکنہ میزبان فرانس کا شہر للی ہوگا، اس سے قبل دونوں ممالک ڈیوس کپ ٹائی میں 2004 کے کوارٹر فائنلز میں مدمقابل آچکے ہیں، جس میں سوئٹزرلینڈ نے ہوم گرائونڈ پر 3-2 سے فتح سمیٹی تھی، 17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر کی خواہش ہے کہ وہ ڈیوس کپ ٹرافی کو بھی اپنے شوکیس کی زینت بنائیں، پیرس میں جمہوریہ چیک کیخلاف فرانس نے 4-1 سے غلبہ حاصل کرلیا۔

ریورس سنگلز میں جیری ویسلی نے میزبان جولین بینیٹو کو 6-4 اور6-3 سے مات دیکر ٹائی میں اپنے ملک کیلیے اولین فتح پائی، تاہم دوسرے ریورس سنگلز میں گیل مونفلز نے لوکاس روسول کو 5-7 ،6-4 اور7-5 سے قابو کرلیا، فرانس نے آخری مرتبہ ڈیوس کپ ٹائٹل2001 میں جیتا تھا، اس موقع پر انھوں نے آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 3-2 سے زیرکیا تھا، ادھر شکاگومیں باب اور مائیک برائن نے ڈبلز مقابلہ جیت کر امریکا کو آئندہ برس ڈیوس کپ ورلڈ گروپ میں جگہ دلوادی، امریکا نے سلواکیہ کیخلاف جاری ٹائی میں3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

انڈور ہارڈ کورٹس پر باب اور مائیک نے سلواکین جوڑی لوکاس لیکو اور نوربرٹ گومبوس کو 6-1 ،6-2 اور6-1 سے شکست دیدی، ابتدائی سنگلز میں جون اسنر نے گومبوس کو 7-6 (7/5)، 6-4 اور 6-2 سے زیر کیا جبکہ سام کیورے نے مارٹن کلزن پر 7-6 (8/6)،6-3 اور6-3 سے غلبہ حاصل کیا تھا، امریکا نے ریکارڈ 32 ویں مرتبہ ٹائٹل 2007 میں جیتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔