ممتا کلکرنی نے اسلام قبول کرلیا،کینیا میں رہائش اختیار کرلی

نیٹ نیوز  منگل 16 ستمبر 2014
شوہر وکی دبئی میں دوران قید مسلمان ہوئے تو 2012 میں رہائی مل گئی۔ فوٹو : فائل

شوہر وکی دبئی میں دوران قید مسلمان ہوئے تو 2012 میں رہائی مل گئی۔ فوٹو : فائل

نیروبی: بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ان دنوں اسلام قبول کرنے کے بعد کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں اپنے شوہر وکی گوسوامی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں اور قبول اسلام کے بعد اداکارہ نے بھارتی فلموں میں کام کرنے اور رقص کی پیش کش بھی مسترد کردی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ وکی گوسوامی کو 1997ء میں متحدہ عرب امارات میں منشیات کے کیس میں دبئی میں 25 برس کی قید ہوئی لیکن انھیں دوران قید اسلام قبول کرنے پر عرب امارات حکومت نے اس کی سزا میں کمی کر دی اور 15 نومبر 2012ء میں رہا کر دیا گیا۔ 52 سالہ وکی گوسوامی کے جیل کے دوران ان کی دوست ممتا کلکرنی کینیا میں ان کا ہوٹل کا کاروبار سنبھالتی تھیں لیکن وکی گوسوانی سے شادی کے بعد ممتا کلکرنی بھی 15 مئی 2013 ء کو مسلمان ہو گئی تھیں۔

یاد رہے 1993ء میں اسٹارڈسٹ میگزین کے سرورق پر ممتا کلکرنی کی برہنہ تصویر چھپنے پر اداکارہ متنازع ہوگئی تھی۔ ممتا نے بالی ووڈ کی بہت کامیاب فلموں میں کام کیا جن میں ’’عاشق آوارہ ‘‘، ’’وقت ہمارا ہے‘‘ ، ’’کرانتی ویر‘‘ ، ’’ کرن ارجن‘‘ ، ’’سب سے بڑا کھلاڑی‘‘ ، ’’بازی ‘‘ اور ’’چائنہ گیٹ ‘‘ شامل ہیں۔ ممتا کلکرنی نے 11 سال تک بالی ووڈ میں راج کرنے کے بعد شوبز دنیا چھوڑ دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔