ورلڈ بینک بھاشا ڈیم پر کانفرنس میں بطور مبصر شرکت پر رضامند

عامر الیاس رانا  جمعـء 26 ستمبر 2014
نیویارک:وزیراعظم نوازشریف ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ سے مصافحہ کررہے ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

نیویارک:وزیراعظم نوازشریف ناروے کی وزیراعظم ایرنا سولبرگ سے مصافحہ کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

نیویارک: وزیراعظم نواز شریف نے بین الاقوامی رہنماؤں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ان کے سرمائے کا تحفظ کرے گی جبکہ ورلڈبینک نے 8 اکتوبر کو دیا میر بھاشا ڈیم پر نیویارک میں ہونیوالی کانفرنس میں بطور شرکت پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

نیویارک میں وزیراعظم نواز شریف سے نیپال کے وزیراعظم سوشیل کوئرالہ، ناروے کی وزیراعظم مس ایرنا سولبرگ اور ورلڈبینک کے صدر جم یانگ کم نے ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقات میں طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری اور مسعود خان بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں توانائی کے بحران پر بات کی اور کہا کہ ناروے کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

ناروے کے وزیر اعظم نے پاکستان میں متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایا کاری اور تعاون کا یقین دلایا۔ نیپال کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورتحال سارک ممالک کے کردار اور علاقائی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور ورلڈبینک کے صدر کے مابین ملاقات میں بھی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک نے 8 اکتوبر کو نیویارک میں بھاش اڈیم پر ہونیوالی کانفرنس میں بطور مبصر شرکت پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈبینک کے صدر نے پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔ رات گئے نوازشریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے بھی ملاقاتیں کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔