وزیرآباد میں ”گونوازگو“ کے نعرے لگانے پر لیگی ایم پی اے توفیق بٹ نے سیلاب متاثرین کی پٹائی کردی

ویب ڈیسک  بدھ 1 اکتوبر 2014
توفیق بٹ اور مانی بٹ نے دھمکی دی ہے کہ اگر آئندہ ”گونوازگو“ کا نعرہ لگایا تو وہ جوتے ماریں گے، احتجاج کرنے والوں کا الزام   فوٹو؛ایکسپریس نیوز

توفیق بٹ اور مانی بٹ نے دھمکی دی ہے کہ اگر آئندہ ”گونوازگو“ کا نعرہ لگایا تو وہ جوتے ماریں گے، احتجاج کرنے والوں کا الزام فوٹو؛ایکسپریس نیوز

گوجرانوالا: وزیرآباد میں امدادی سامان نہ ملنے پر سیلاب متاثرین کی جانب سے ”گونوازگو“ کے نعرے لگانے پر مسلم لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی اور کارکنوں نے متاثرین کی پٹائی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف گوجوانوالہ کی تحصیل وزیرآباد میں سیلاب متاثرین میں امداد تقسیم کرنے کے بعد جیسے ہی روانہ ہوئے تو متاثرین نے وزیرآباد روڈ پر احتجاج شروع کردیا اور اس دوران ان کی جانب سے ”گونوازگو“ کے نعرے بھی لگائے جس پر مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ اور مقامی صدر مانی بٹ سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے احتجاج کرنے والوں  ہلہ بول کر مکوں اور گھونسوں کی برسات کردی۔ لیگی رہنماؤں کی جانب سے احتجاج کرنے والوں کی پٹائی کے دوران وہاں پولیس کی بھاری نفری موجود تھی تاہم انہوں نے توفیق بٹ اور مانی بٹ سمیت کسی کو بھی روکنے کی کوشش نہ کی۔

احتجاج کرنے والے سیلاب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ان کا نام متاثرین کی فہرست سے نکال کر اپنے عزیز واقارب کا نام شامل کردیا اور ہمیں اندر جانے ہی نہیں دیا گیا، متاثرین کا کہنا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ اور مانی بٹ کی جانب سے انہیں دھکی دی گئی ہے کہ اگر آئندہ انہوں نے ”گونوازگو“ کا نعرہ لگایا تو وہ انہیں جوتوں سے ماریں گے۔

دوسری جانب توفیق بٹ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والے متاثرین سیلاب نہیں بلکہ تحریک انصاف کے کارکن تھے۔ انہوں نے کہاکہ امداد کی تقسیم کے دوران کسی شخص نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور بڑے پرامن طریقے سے وزیراعظم نواز شریف امداد تقسیم کرنے کے بعد وہاں سے روانہ ہوئے لیکن باہر نکلنے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے یہ ڈرامہ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔