(بات کچھ اِدھر اُدھر کی) - مزیدار پکوان بنائیں عید قرباں کا لطف اٹھائیں

پروفیسر سیما سراج  منگل 7 اکتوبر 2014
لیں جناب یہ تو مسئلہ ہی حل ہوگیا، اب چاہئے قصائی کتنی ہی دیر سے کیوں نہ آئے آپ بلکل نہ گھبرائیں۔ فوٹو ماریہ منظور

لیں جناب یہ تو مسئلہ ہی حل ہوگیا، اب چاہئے قصائی کتنی ہی دیر سے کیوں نہ آئے آپ بلکل نہ گھبرائیں۔ فوٹو ماریہ منظور

عید قرباں یا بقرعید کے موقع پر مہمانوں کی آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کچھ مہمان جلدی میں ہوتے ہیں، گوشت کا حصہ گیٹ سے پکڑا کر چلے جاتے ہیں۔ جبکہ بعض مہمان تھوڑا وقت دیتے ہیں یعنی آپ کولڈ ڈرنک یا چائے پیش کرسکتی ہیں، لیکن خالی چائے مشرقی روایات کے خلاف ہے۔ پھر کیا کیا جائے؟ عید پر تو گوشت کے لوازمات ہوتے ہیں، اب آپ بسکٹ اور سموسے تو دیں گی نہیں اور اگر دوپہر کا وقت ہوا، قصائی وقت پر نہیں آیا، موبائل کرتی رہیں، قصائی مصروف ہے کسی گلی میں گائے کی کھال اتارنے میں، تو پھر انتظار آپ کی مجبوری ہے۔کیا آپ عجلت میں کسی اناڑی یا وقتی قصائی کو پکڑیں گی۔ نہیں پہچان ضروری ہے، ورنہ قربانی و جانور دونوں کا اللہ حافظ۔ کلیجی تو تیار نہ ہوسکی پھر فوری دوپہر کو کھانے کا کیا بندوبست ہوگا۔ ایسی چیز پکالیں کہ چائے پر بھی چل جائے اور کھانے میں بھی شامل ہوسکے۔ سوچنا پڑتا ہے۔

اوہو۔۔۔ شامی کباب، جی ہاں۔ پڑوسی کی گائے صبح کٹ گئی تھی، حصہ آچکا ہے، روکھا اور صاف پیس ہے۔ گائے بھی زبردست تھی اور گوشت بھی صاف بوٹیاں ہیں۔ جی ہاں، کہیں حصہ بھیجیں تو صاف اور اچھا۔ یہ نہیں کہ اچھا گوشت خود رکھ لیا اور روایت پوری کرنے کے لئے خراب گوشت بانٹ دیا۔ خیر جلدی سے کچن چلتے ہیں۔ پہلے اجزاء ایک ٹرے میں رکھ لیں، کچھ بھول نہ جائیں، مصروفیت بھی تو بہت ہے۔ دس مرتبہ آوازیں آئیں گی کہ یہ چیز کہاں ہے، وہ چیز کہاں ہے؟ ہاں تو کون کون سے اجزاء ہیں۔

شامی کباب؛

اجزاء؛
گائے کا گوشت۔ ایک کلو (حسب ضرورت اضافہ کرلیں)

تصویر؛ ماریہ منظور

چنے کی دال ۔ایک پیالی
لہسن چھلے ہوئے جوے ۔ 12 عدد
ادرک ۔ایک بڑا ٹکڑا
ثابت لال مرچ ۔ 11 عدد
ثابت گرم مصالحہ ۔ ایک ٹیبل اسپون
نمک ۔ حسب ذائقہ
انڈا۔ ایک عدد

کباب میں بھرنے والا مصالحہ؛

پودینہ۔ آدھی گڈی باریک کٹا ہوا
ہرا دھنیا ۔آدھی گڈی باریک کٹا ہوا
ادرک باریک کٹی ہوئی۔ 2 ٹیبل اسپون
پیاز ۔2 عدد کٹی ہوئی
تیل حسب ضرورت۔ تلنے کے لیے

ترکیب؛

سب سے پہلے گوشت کو دھو کر سب چیزوں کے ساتھ ابال لیں۔
جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو پیس لیں۔
پھر انڈا شامل کرکے ہاتھ سے اچھی طرح مکس کرلیں۔
اب ہرا مصالحہ کباب کے درمیان میں بھریں۔ ٹکیہ بنا کر تل لیں۔

تصویر؛ ماریہ منظور

ہری چٹنی، کباب اور پراٹھے، چکھ کر بتائیں ذائقہ کیسا ہے؟

تصویر؛ ماریہ منظور

مگر مسئلہ ہے کچھ لوگوں کو گائے کا گوشت منع ہوتا ہے، کسی بیماری یا خاص وجہ سے۔ مرغی، مچھلی یا بکرے کا گوشت کی اجازت ہوتی ہے۔ اب اچھا تو نہیں لگتا ہے کہ بعض لوگ بغیر کھائے چلے جائیں۔ ہر قسم کے مہمان اور جملہ گھر کے افراد کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ توپھر مرغ کا قورمہ کیسا رہے گا۔ تھوڑا سا پکا کر رکھ لیں، وقت ضرورت کام آئے گا۔

مرغی کا قورمہ؛

اجزاء؛
گوشت/ مرغی ۔ایک کلو

تصویر؛ ماریہ منظور

پیاز ۔5 عدد درمیانی
ادرک لہسن ۔ پسا ہوا 3 ٹیبل اسپون
سرخ مرچ ۔ 2 چائے کے چمچ
نمک ۔ حسب ذائقہ
ادرک ۔2 ٹیبل اسپون باریک کٹی ہوئی
دہی۔ ڈیڑھ پاؤ
تیل / گھی۔ ایک کپ
کیوڑہ ۔ ایک چائے کا چمچ
دھنیا پسا ہوا ۔ 2 ٹیبل اسپون
گرم مصالحہ پسا ہوا ۔ 2 چائے کے چمچ
ثابت گرم مصالحہ ۔ درج ذیل
لونگ ۔10 عدد
کالی مرچ گول ۔ 15 سے 10 عدد
بڑی الائچی ۔ 3 عدد
دار چینی ۔ 4 یا 5 ٹکڑے
سبز الائچی ۔ 9-10 عدد
جائفل جاوتری پسی ہوئی۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب؛

سب سے پہلے گوشت دھو لیں، پیازباریک کاٹ لیں، ادرک باریک کاٹ لیں، جائفل جاوتری پیس لیں اور دہی پھینٹ لیں۔
پھرتیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں اور الگ نکال لیں۔
پھر تیل میں گوشت، نمک، سرخ مرچ، گرم مصالحہ اور پسا ادرک لہسن ڈال کر بھون لیں اور پانی ڈال کر گوشت گلنے دیں۔
جب پانی خشک ہوجائے اور گوشت بھن جائے تو اس میں دہی اور پسی ہوئی پیاز فرائی مکس کردیں۔
حسب ضرورت پانی ڈال کر پکنے دیں۔
جب گاڑھا ہوجائے تو پسا گرم مصالحہ اور کیوڑہ بھی شامل کردیں۔
باریک کٹی ہوئی ادرک سے سجا کر پیش کریں۔

تصویر؛ ماریہ منظور

لیں جناب یہ تو مسئلہ ہی حل ہوگیا، اب چاہئے قصائی کتنی ہی دیر سے کیوں نہ آئے آپ بلکل نہ گھبرائیں۔ شامی کباب، پراٹھوں اور چکن قورمے سے مہمانوں کی تواضع کریں اور عید کا لطف اٹھائیں۔

نوٹ: اگر آپ بھی ہمیں کھانے کی ترکیب بھیجنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر، تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔  ترکیب کے ساتھ ڈش کی اصلی تصاویر بھیجنا ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔