ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کی چھٹی پوزیشن میں بہتری ممکن نہیں

اسپورٹس ڈیسک  پير 6 اکتوبر 2014
بیٹسمینوں میں پاکستانی کپتان مصباح الحق 12 ویں نمبر پر ہیں، احمد شہزاد 17، عمر اکمل 21 اور آفریدی 50 ویں نمبر پر موجود۔ فوٹو: فائل

بیٹسمینوں میں پاکستانی کپتان مصباح الحق 12 ویں نمبر پر ہیں، احمد شہزاد 17، عمر اکمل 21 اور آفریدی 50 ویں نمبر پر موجود۔ فوٹو: فائل

دبئی: ون ڈے رینکنگ میںٹاپ پوزیشن پر قبضے کی نئی جنگ چھڑنے کو تیار ہے، بھارت ویسٹ انڈیز پر کلین سوئپ سے تن تنہا نمبرون کا اعزاز ہتھیانا چاہتا ہے، آسٹریلیا بھی امیدواروں میں شامل ہے۔

کینگروز پر کلین سوئپ سے بھی پاکستان کے چھٹے نمبر سے چھٹکارے کا کوئی امکان نہیں، گرین شرٹس اور کیریبیئن سائیڈ کی بہترین پرفارمنس کا براہ راست فائدہ جنوبی افریقہ کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز منگل سے شروع ہورہی ہے جبکہ بھارت اور ویسٹ انڈیز پانچ ایک روزہ میچز کیلیے بدھ سے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ ان دو سیریز کے دوران آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی ٹاپ پوزیشن پر قبضے کی جنگ بھی چھڑے گی۔

اس وقت بھارت اور جنوبی افریقہ مشترکہ طور پر نمبرون اعزاز کے مالک ہیں لیکن دھونی الیون اس پر تن تنہا اپنا حق جتانا چاہتی ہے، اس کے لیے اسے ویسٹ انڈیز کیخلاف پانچوں میچز میں کامیابی درکار ہوگی۔ اس صورت میں اس کے پوائنٹس کی تعداد 116 ہوجائے گی لیکن اگر وہ 4-1 سے یہ سیریز جیت پاتا ہے اور آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان پر 3-0 سے کلین سوئپ فتح پاتی ہے تب دونوں ہی ٹیموں کے پوائنٹس 114 ہوجائیں گے لیکن اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے بھارتی ٹیم نمبر ون پر ہی قابض رہے گی۔

آسٹریلیا اس وقت صرف اعشاریائی پوائنٹ کی بنا پر تیسرے نمبر پر موجود سری لنکا سے نیچے ہیں لیکن گرین شرٹس پرکامیابی اسے تیسرے نمبر پر پہنچا سکتی ہے۔ اگر پاکستان کینگروز کے خلاف کلین سوئپ بھی کرلیتا ہے تب بھی اس کی چھٹی رینکنگ پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا البتہ چند ریٹنگ پوائنٹس بڑھ جائیں گے جوکہ مستقبل میں اس کے آگے بڑھنے میں کام آسکتے ہیں۔ اب اگر بھارت ویسٹ انڈیز کو 3-2 اور آسٹریلیا پاکستان سے 2-1 سے سیریز جیتتا ہے تو پھر فائدہ جنوبی افریقہ کا ہوگا جوکہ اکیلا ٹاپ پوزیشن سنبھال لے گا۔ باہمی سیریز کے دوران چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا بھی موقع میسر آئے گا۔

اس وقت ون ڈے بیٹسمین میں پاکستان کے مصباح الحق 12 ویں نمبر پر ہیں، احمد شہزاد 17، عمر اکمل 21 اور شاہد آفریدی 50 نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے کپتان جارج بیلی کا چوتھا نمبر ہے، وہ تیسری پوزیشن پر موجود بھارت کے ویرات کوہلی سے صرف 8 پوائنٹس نیچے ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے سعید اجمل اگرچہ ٹاپ پر موجود ہیں لیکن غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے عالمی کرکٹ سے معطلی کے باعث وہ ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں، اسی طرح چھٹے نمبر پر موجود محمد حفیظ بھی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، جنید خان 27 ویں نمبر پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔