شمالی وزیرستان میں 2 ڈرون حملوں میں 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  منگل 7 اکتوبر 2014
تحصیل دتہ خیل کے علاقے کونسٹر میں امریکی جاسوس طیارے  نے ایک گھر پر مزید 2 میزائل داغے، 
فوٹو: فائل

تحصیل دتہ خیل کے علاقے کونسٹر میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر مزید 2 میزائل داغے، فوٹو: فائل

دتہ خیل: شمالی وزیرستان میں 2 مختلف امریکی ڈرون حملوں میں 8 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے کنڈغر میں ایک گاڑی اور گھر پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے، حملے کے بعد بھی ڈرون طیارے کی علاقے میں پروازجاری رہی جس کی وجہ سے لوگ خوف و ہراس میں مبتلا رہے۔ کنڈغر میں حملے کو زیادہ وقت نہیں گزرا تھا کہ شام کے وقت تحصیل دتہ خیل کے علاقے کونسٹر میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر مزید 2 میزائل داغ دیئے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے امریکی جاسوس طیارے کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پر کئے گئے جب کہ حکومت ملک کی خودمختاری کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے مسلمانوں کا قتل عام انتہائی شرمناک عمل ہے اورڈرون حملے نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پوری دنیا میں ان حملوں کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ کنڈغر کے بعد کونسٹر میں ہونے والا حملہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران امریکی ڈرون طیارے کی چوتھی کارروائی ہے، اس سے قبل دونوں حملے شوال میں کئے گئے جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔