میرے بارے میں جس نے جو کچھ بھی کہا اسے معاف کرتا ہوں، الطاف حسین

ویب ڈیسک  منگل 7 اکتوبر 2014
 ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو کم کہنے والے آکر کھالیں گن لیں، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو کم کہنے والے آکر کھالیں گن لیں، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جس نے میرے بارے میں جو کچھ بھی کہا اسے معاف کرتا ہوں لیکن نا انصافیوں کا سلسلہ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکتا۔

کراچی میں کارکنوں سے  گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ  ایم کیو ایم کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ہمارا پیغام پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے، ایم کیوایم کی مقبولیت پر شک کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں منہ کی کھانی پڑے گی اوروہ خدمت خلق آکر کھالیں گن لیں۔ انہوں نے کہا کہ جس نے میرے بارے میں جو کچھ بھی کہا اسے معاف کرتا ہوں لیکن نا انصافیوں کا سلسلہ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکتا۔

اس سے قبل نوابشاہ میں قربانی کی کھالیں جمع کرنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کی آبادی کو ہمیشہ ایک سازش کے تحت کم کرکے دکھایا گیااور غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کے ذریعے ان کے سیاسی حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، شہری علاقوں کی آبادیاں کم ظاہر کرنے کے لئے ایسے ایسے جعلی گاؤں گوٹھوں کی آبادیاں کاغذات میں دکھائی گئیں جن کا کوئی وجود ہی نہیں تھا،نوابشاہ اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کی گئیں اور غیر قانونی حلقہ بندیوں کے ذریعے ان کی نشستیں کم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو مسلسل ظلم و ناانصافیوں کا نشانہ بنایا جائے اور ان کی آواز کو طاقت سے دبایا جائے توپھر ان کے جذبات پریشر ککر کی طرح پھٹ پڑتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ الطاف انکل اپنے نامعلوم افراد کو کنٹرول کر لیں اگر میرے کارکنوں کو کچھ ہو اتو لندن پولیس نے آپ کا کیا جینا حرام کیا ہو گا جو میں کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔