سبزی بیچ کر انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ انجام دینے والی تائیوان کی 63 سالہ خاتون

2010میں انکانام ٹائم میگزین کی 100بااثرشخصیات میں شامل کیاگیاجبکہ ریڈرزڈائجسٹ نےانہیں ایشین آف دی ایئرکےطورمنتخب کیا


ویب ڈیسک October 07, 2014
تائیوان کی سبزی فروش خاتون نے اپنے کمائی کے لاکھوں ڈالر انسانی خدمت کے نام کردئے۔ فوٹو فائل

تائیوان کی ایک سبزی فروش خاتون نے لاکھوں ڈالر دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کرکے ثابت کردیا کہ خدمت خلق کے لیے صرف دولت ہونا کافی نہیں بلکہ اس کے لیے حاتم طائی جیسا کھلا دل بھی ہونا چاہئے۔

تائیوان کی مارکیٹ میں سبزی بیچنے والی 63 سالہ چن شو چو اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی جب انہوں نے ایک اسکول کے بچوں کےلیے 10لاکھ تائیوانی ڈالر عطیہ کئے اور ان کی انسانی خدمت کے لیے اپنی جمع پونجی کا یوں دریا دلی سے خرچ کرنا جلد دنیا بھر کے لیے مثال بن گیا۔ مسز چن شو دن کے 18 گھنٹے کام کرتی ہیں اور جو کچھ اس سے کماتی ہیں اس میں سے صرف چند ڈالر اپنی ذات پر خرچ کرتی ہیں جبکہ اپنی کمائی کا زیادہ حصہ دکھی انسانیت کے نام کردیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں غربت کے باعث گھروالوں کی مدد کے لئے انہیں اپنی اسکول کی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی لیکن اس وقت بھی وہ اپنی کمائی کا کچھ حصہ بچا کر اسکول کےبچوں کے لیے وقف کردیتی تھیں، یہ اہم نہیں کہ ہم کتنا کما رہے ہیں اہم یہ ہے کہ ہم اسے خرچ کہاں کر رہے ہیں۔

مسز چن انتہائی سادہ زندگی گزارتی ہیں اور صرف سبزی کھانا پسند کرتی ہیں جکبہ انتہائی سادہ لباس زیب تن کرتی ہیں، انہوں نے گزشتہ 2 دہائیوں میں ایک کروڑ تائیوانی ڈالر انسانی خدمت کے نام کئے ہیں، ان کی خدمات کو دنیا بھر میں سراہا گیا اسی بنیاد پر2010 میں ان کا نام ٹائم میگزین کی 100 با اثر شخصیات میں شامل کر لیا گیا۔ ریڈرز ڈائجسٹ نے ان کی خدمات کی بدولت انہیں ''ایشین آف دی ایئر'' کے طور منتخب کیا جبکہ ''فاربز ایشیا'' نے انہیں انسانی خدمت کرنے والے بہترین 48 ہیروز میں شامل کیا لیکن ان کی خدمات کا اعتراف ابھی ختم نہیں ہوا، غریب اورنادار افراد لوگوں کی مدد کرنے پر انہیں 2 سال قبل ''رومن میگسے سے ایوارڈ'' سے نوازا گیا اور 50 ہزار ڈالر کیش بھی دیئے گئے لیکن انہوں نے کمال دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساری رقم میموریل اسپتال کے نام کردی جس کی مدد سے اسپتال میں نیا میڈیکل ونگ تعمیر کیا گیا۔

اب تو بیرون ملک سے آنے والے سیاح بھی ان کی سبزی کی دکان پر جاکر ان سے ملاقات کرتے ہیں جب کہ ان کا عزم ہے کہ وہ غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے سبزی کی دکان چلاتی رہیں گی اور یہی ان کی زندگی کا مشن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں