ذوالفقار بھٹو نے جب نئے پاکستان کا نعرہ لگایا تو ملک دو لخت ہو گیا، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  بدھ 8 اکتوبر 2014
50 سال سے سیاست میں ہوں لیکن اگر اثاثوں میں اضافہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، جاوید ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

50 سال سے سیاست میں ہوں لیکن اگر اثاثوں میں اضافہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، جاوید ہاشمی۔ فوٹو؛ فائل

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی کا کہنا ہے 1970 میں جب ذوالفقار علی بھٹو نے نئے پاکستان کا نعرہ لگایا تو ملک دو لخت ہو گیا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے نظم و ضبط کا پابند نہیں ہوں، دونوں جماعتوں نے لکھی لکھائی تقریروں کے سوا آج تک کوئی نئی بات نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1970 سے نئے پاکستان کی تقریریں سن رہے ہیں، نئے پاکستان کا نعرہ سب سے پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے لگایااور جب انہوں نے یہ نعرہ لگایا تو ملک دو لخت ہو گیا، نئے پاکستان کی ہر تقریر کا موضوع 1960 سے لکھا جا رہا ہے لیکن کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ 50 سال سے سیاست میں ہوں لیکن اگر اثاثوں میں اضافہ ثابت ہو جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، شیخ رشید کو مناظرے کا چیلنج قبول کیا مگر وہ بھاگ رہے ہیں، عمران خان نے تو شیخ رشید کے بارے میں کہا کہ اسے چپڑاسی بھی نہ رکھوں لیکن آج وہ ان کے ساتھ ساتھ ہے۔ انھوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو ملتان کے ضمنی انتخابات میں اتنی بڑی خبر ہو گی کہ دنیا کی آنکھیں کھل جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔