ملالہ نے ’’امن کا نوبل‘‘ انعام جیت کر ایک مرتبہ پھر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، الطاف حسین

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اکتوبر 2014
 ملالہ یوسف زئی کو امن کا انعام ملنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، الطاف حسین
فوٹو: فائل

ملالہ یوسف زئی کو امن کا انعام ملنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام ملنے پر قوم کو مبارکباد پیش  کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات کی شہزادی کو نوبل انعام ملنے سے ثابت ہوگیا کہ پاکستانی قوم اعتدال پسند، روشن خیال،  تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرہ کی تشکیل کیلئے بھرپور صلاحیتیں رکھتی ہے۔

 الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کو بچیوں کی تعلیم کے لئے عملی کوششوں سے باز رکھنے کے لئے دہشت گردوں نے انہیں نشانہ بنایا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بہادر بچی نے صحت مند ہوکر دہشت گردوں کے خلاف اور تعلیم کو عام کرنے کے لئے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس پر وہ نوبل انعام کی ہی حقدار تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو امن کا انعام ملنا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے اور پاکستانی قوم کیلئے اعزاز ہے جس پر سب کو سجدہ شکر ادا کرنا چاہئے۔

 الطاف حسین نے امن کا نوبل انعام ملنے پر ملالہ یوسف زئی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔