(بات کچھ اِدھر اُدھر کی) - ’’سیخ کباب‘‘

پروفیسر سیما سراج  اتوار 12 اکتوبر 2014
معلوم نہیں کیوں جب تک سیخ کباب اور گولہ کباب نہ بنیں بچوں کو بقرعید مکمل نہیں لگتی۔ فوٹو ماریہ منظور

معلوم نہیں کیوں جب تک سیخ کباب اور گولہ کباب نہ بنیں بچوں کو بقرعید مکمل نہیں لگتی۔ فوٹو ماریہ منظور

بکرا عید تو گزر گئی لیکن ڈیپ فریزر میں گوشت باقی ہے۔ روکھے بڑے پیس بچوں نے باربی کیو کے لیے بچا کر رکھ لئے تھے۔ اگرچہ دادا جان نے بقرعید کی اصل معنویت اور روح پر لمبے لمبے لیکچر دیے، مگر معلوم نہیں کیوں جب تک سیخ کباب اور گولہ کباب نہ بنیں بچوں کو بقرعید مکمل نہیں لگتی بلکہ صحیح معنوں میں بقرعید کے چٹخاروں کے بغیر مزہ ہی نہیں آتا۔ بیٹے کو انگیٹھی تو اسٹور میں مل گئی ہے مگر سلاخیں خدا معلوم کس کو پچھلے سال دی تھیں کہ یاد ہی نہیں آرہا۔ کوئلہ تو صبح ہی خرید کر آگیا ہے۔ بیٹی صاحبہ کچن میں مصالحہ تلاش کررہی ہیں۔ اگر امی سلاخیں نہ ملیں تو؟

پریشانی کی کیا بات ہے، سلاخیں نہ ملیں تو فرائی کرلینا۔ لیکن پہلے مصالحہ پہلے تیار کرلو۔ گوشت گلنے میں وقت لگتا ہے۔ کوئی چیز کم ہو تو بھائی کو موبائل کرکے منگالینا۔ دیکھو سیخ کباب بنانے کے لیے مندرجہ ذیل اجزاء موجود ہیں۔

اجزا؛

قیمہ باریک پسا ہوا ۔ 1 کلو

فوٹو؛ ماریہ منظور

پیاز باریک کٹی ہوئی۔ 2 عدد
ہری مرچ ۔ 3 عدد
تیل یا گھی ۔ حسب ضرورت
کارن فلور ۔ 3 چائے کے چمچ
کچا پپیتا ۔ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ
انڈہ ۔ ایک عدد
لہسن، ادرک ۔ پسا ہوا تین چمچ
پسا گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
نمک ۔ حسب ذائقہ
پسی لال مرچ ۔ 2 کھانے کے چمچ

ترکیب؛ 

سب سے پہلے قیمہ میں باریک کٹی ہوئی پیاز ملالیں۔
اب اس میں ادرک، لہسن، ہری مرچ، نمک، لال مرچ، کچا پپیتا، گرم مصالحہ، باقی سب اشیا قیمہ میں اچھی طرح ملائیں اور آدھا گھنٹہ تقریباً رکھ دیں۔
پھر کارن فلور اچھی طرح مکس کرلیں اور سیخ میں قیمہ کباب کی شکل میں لگا کر تھوڑا سا تیل لگا کر سینک لیں۔
اگر انگیٹھی اور سلاخیں موجود نہ ہوں تو کھلے منہ کی پتیلی چولہے پر رکھ دیں اور اسی پر فوائل بچھا دیں،اور ساتھ ہی کباب پھیلا کر رکھ دیں۔
اب آنچ ہلکی رکھیں اور ڈھکن بند کردیں۔
تھوڑی دیر کے بعد پتیلی ہلکے سے ہلادیں۔ ارے گھبرائیں نہیں، کباب پہلے پانی چھوڑیں گے۔
جب پانی خشک ہوجائے اور کباب اچھی طرح سینک جائیں تو ان پر پیاز کا چھلکا یا روئی کا ٹکڑا رکھ کر اس پر گھی یا تیل ایک چائے کا چمچ ڈال دیں اور گرم کوئلہ رکھ کر ڈھکن بند کرکے دم پر رکھ دیں۔

فوٹو؛ ماریہ منظور

ہری چٹنی، پیاز اور پراٹھوں کے ساتھ کھائیں۔ مزے کے ہیں نا؟

گولہ کباب؛

لیجیے صاحب گولہ کباب بھی بنالیں ورنہ بچے کہیں گے کہ مزہ نہیں آیا۔ ویسے بھی بقرعید میں کبابوں کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے۔ بقر عید کو اسی لئے نمکین عید بھی کہتے ہیں۔ کبابوں کی خوشبو اور ذائقہ کئی دنوں تک محسوس ہوگا۔ تو پھر جلدی سے اجزاء جمع کرلیں یا پھر یوں کہہ لیں اشیا جمع کرلیں۔

اجزاء؛

کچا قیمہ ۔ آدھا کلو
کچا پپیتا ۔ 2 کھانے کے چمچ
پسا لہسن ادرک۔ 2 کھانے کے چمچ
بھنا سفید زیرہ ۔ ایک چائے کا چمچ
پسا گرم مصالحہ ۔ ایک چائے کا چمچ
پسی جائفل جاوتری ۔ آدھا چائے کا چمچ
پسی لال مرچ ۔ 2 کھانے کے چمچ
پسی الائچی ۔ ایک چائے کا چمچ
نمک ۔حسب ذائقہ
دہی۔ چار کھانے کے چمچ
انڈہ ۔ ایک عدد

ترکیب؛

سب سے پہلے قیمے میں پپیتا، لہسن ادرک، زیرہ، گرم مصالحہ، جائفل جاوتری، دہی، مرچ، نمک، الائچی اور انڈہ شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور تقریباً آدھا گھنٹہ رکھ دیں۔
پھر گولے کوفتے کی طرح بنالیں اور اوون میں کسی برتن میں ڈھک کر 30 منٹ تک بیک کرلیں۔

فوٹو؛ قرة العین نور

گرم کوئلے سے دم دے لیں یا پھر فرائی پین میں تیل ڈال کر ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ اور چٹنی کے ساتھ نوش فرمائیں۔

چٹنی؛

کھجور۔ آٹھ عدد یا دس
نمک۔ حسب ذائقہ
زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
سرکہ ۔ چھ کھانے کے چمچ
لہسن ۔ 3 جوئے
ہری مرچ ۔ 3 عدد
ہرا دھنیا ۔ آدھی گڈی

ترکیب؛

کھجور میں سرکہ ڈال لیں اور چولہے پر پکالیں تاکہ کھجور اچھی طرح گل جائے اور سرکہ خشک ہوجائے۔
پھر ہرا دھنیا، ہری مرچ، لہسن، زیرہ، نمک شامل کرکے اچھی طرح گرائنڈ کرلیں۔

فوٹو؛ ماریہ منظور

لیجئے جناب مزیدار سیخ کباب اورگولہ کباب تیار ہیں۔ کھائیئے اور قربانی کے گوشت کا لطف اٹھائیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔