پی آئی اے کے پائلٹوں کا خاموش احتجاج، 2پروازیں منسوخ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 12 اکتوبر 2014
3 اقساط میں ادائیگیوں کی یقین دہانی کرادی گئی، پالپا کی ہٹ دھرمی فوٹو: فائل

3 اقساط میں ادائیگیوں کی یقین دہانی کرادی گئی، پالپا کی ہٹ دھرمی فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے کہا ہے کہ پائلٹوں کے واجبات کی ادائیگیاں 3اقساط میں کردی جائیں گی۔

انتظامیہ کی اس یقین دہانی کے باوجود پالپا کی جانب سے مذاکرات میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا گیا اوربات چیت میں پائلٹوں نے بقایاجات کی ادائیگیاں یکمشت کرنے کا مطالبہ کردیاجس کے بعد پی آئی اے ایک بارپھر پائلٹوں کے رحم وکرم پر آگئی ہے، پائلٹوں کی اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے جمعہ اور ہفتہ کوبیرون ممالک جانے والی 2پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں کوذہنی کوفت کا سامنا کرناپڑا، پالپاکے اس عمل کے بعد پی آئی اے ایک بار پھر بحرانی کیفیت سے دوچارہوگئی اورقومی ادارہ کے پائلٹوں نے نئی حکمت عملی کے تحت انتظامیہ کو پروازلے جانے کی بجائے طبی رخصت حاصل کرنا شروع کردی ۔

پی آئی اے کے پائلٹوں کی وجہ سے جمعہ کی رات سے شروع کی جانے والی خاموش مہم کے بعد پی آئی اے کی عالمی پروازوں کاشیڈول بھی متاثرہونا شروع ہوگیاجس کا خمیازہ مسافروں کو اٹھانا پڑ رہا ہے ، پائلٹوں کی اس ہٹ دھرمی کی وجہ سے پی آئی اے کی لاہورسے بارسلونا جانے والی پی کے795 اور اسلام باد سے کوپن ہیگن جانے والی پی کے711 کوبھی منسوخ کرنا پڑا جبکہ دیگرتین بیرون ممالک جانے والی پروازیں بھی متاثرہوگئیں،معلوم ہوا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی انتظامیہ نے پالپا سے کہا ہے کہ پائلٹوں کوتین اقساط میں 6ماہ کے رکے ہوئے بقایات اداکردیئے جائیں گے۔

جس کی پہلی قسط 13اکتوبرکواداکی جائیگی جبکہ دوسری قسط20اورتیسری قسط27اکتوبرکواداکردی جائیگی،اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے لیٹربھی جاری کیاگیا تھا تاہم پالپا نے اس پیشکش کو مستردکرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پائلٹوں کے واجبات یکشمت ادا کیے جائیں بصورت دیگر پائلٹ میڈیکل رخصت پر چلے جائیں گے اس صورتحال کے بعد پی آئی اے کے تمام انتظامی افسران نے لاہور میں اجلاس طلب کرلیا،واضح رہے قومی ائیرلائن کے پائلٹوں کی جانب سے ایسے موقع پر احتجاج شروع کرنے کا عندیہ دیا جارہا ہے جب عازمین حج کا وطن واپسی آپریشن شروع کردیاگیا ہے لیکن پی آئی اے انتطامیہ اور مشیرایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کواس گھمبیر صورتحال سے نمٹنے کیلیے تاحال کوئی عملی اقدامات نہیں کیے معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے کے کپتانوں نے بیرون ملک پرواز نہ لے جانے کیلیے طبی رخصت لینا شروع کردی تاکہ کسی ممکنہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے ۔

واضح رہے کہ پی آئی اے میں 2011میں بھی پائلٹوں کی گو سلوہڑتال کی وجہ سے قومی ائیرلائن کواربوں روپے کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم قومی ادارے کے پائلٹوں کی جانب سے ایک بار زبوں حالی کا شکار ائیرلاین ایک پھر پائلٹوں کے رحم وکرم پر آگئی ، دریں اثناء پائلٹوں کی ایسوسی ایشن پالپاکے صدرکیپٹن عامر ہاشمی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پالپا نے پی آئی اے انتظامیہ پر واضح کیا ہے کہ پائلٹوں کوملنے والے انٹرنیشنل سیلپ الاؤنس کے 6ماہ کے بقایات کی رقم یکشمت اداکردی جائے انھوں نے بتایاکہ پائلٹوں کے بقایاجات کی رقم 8کروڑ روپے جب تک ادا نہیں کیے جائیں گے پالپاکااحتجاج جاری رہے گاان کا کہنا تھا کہ پائلٹوں کے گزشتہ 6ماہ کی ادائیگیاں فوری اداکی جائیں،پالپا کا کہنا ہے کہ 13اکتوبرتک کپتانوں کے بقایات کی 50فیصد رقم اداکی جائے،واضح رہے کہ پی آئی اے کو کیبن کرویوکے بھی بقایات ادا کرنے ہیں لیکن انھوں نے مذاکرات کو ترجیح دی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔