دیس بدیس کے کھانے

مزنہ مجید  پير 13 اکتوبر 2014
اس ہفتے آپ کے لئے پیش ہیں دیس بدیس کے مزیدار اور چٹ پٹے کھانے۔  فوٹو: فائل

اس ہفتے آپ کے لئے پیش ہیں دیس بدیس کے مزیدار اور چٹ پٹے کھانے۔ فوٹو: فائل

توا کلیجی

اجزا:

بکرے کی کلیجی (آدھا کلو)، لیموں کا رس (چار چائے کے چمچے)، پسی ہوئی ادرک (ایک چائے کا چمچا)، پسا ہوا لہسن (ایک چائے کا چمچا)، سفید زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)، ثابت سرخ مرچ (دو چائے کے چمچے) بھون کر کوٹ لیں، تیل (آدھی پیالی)

ترکیب:

کلیجی میں لہسن، ادرک، لیموں کا رس، سفید زیرہ، نمک اور ثابت مرچ لگا کر ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ ایک توے پر تیل گرم کر لیں۔ اس کے بعد اس پر مسالا لگی ہوئی کلیجی ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ لذیذ توا کلیجی تیار ہے۔ آپ اسے سلاد اور چپاتیوں کے ساتھ پیش کر سکتی ہیں۔

کلیجی گردہ مسالا

اجزا:

بکرے کی کلیجی (ایک کلو)، گردہ (ایک پاؤ)، تیل (ایک پیالی)، پیاز (دو عدد)، لہسن ادرک (دو کھانے کے چمچے)، دہی (ایک پیالی)، نمک (حسب ذائقہ)، لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)، ہلدی (ایک چائے کا چمچا)، ٹماٹر (تین سے چار عدد)، املی (ایک کھانے کا چمچا)، میتھی (ایک کھانے کا چمچا)، ہری مرچ (چھے سے آٹھ عدد)

ترکیب:

پہلے تیل گرم کر کے پیاز کو ہلکا سا تل لیں، پھر اس میں لہسن اور ادرک ڈال کر کچھ دیر مزید تلیں۔ اس کے بعد کلیجی، گردے، دہی، نمک، لال مرچ، ہلدی، ٹماٹر اور املی کا آمیزہ شامل کر کے پکائیں۔ جب پانی خشک ہو جائے تو بھون لیں۔ آخر میں میتھی اور ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ تیار ہونے پر گرم گرم پیش کریں۔

اسپیشل بیف

اجزا:

بڑے کا گوشت (آدھا کلو)، نمک (ایک چائے کا چمچا)، کٹی ہوئی لال مرچ (ایک کھانے کا چمچا)، لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)، ادرک (ایک چائے کا چمچا)، لہسن (ایک چائے کا چمچا)، پیپتا (ایک کھانے کا چمچا)، پیاز (ایک عدد)، ٹماٹر (ایک عدد)

ترکیب:

گوشت کے پتلے پتلے ٹکڑے کر لیں۔ اب اسے تمام اجزا کے ساتھ اچھی طرح ملا کر  ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ ایک کڑاہی میں دو کھانے کے چمچے تیل ڈالیں۔ اس کے بعد گوشت ڈال کر ڈھک دیں۔ جب گوشت گل جائے، تو بھون لیں۔ گول کٹے ہوئے ٹماٹر اور پیاز کے ساتھ نوش کریں۔

اسپیشل کڑاہی کباب

اجزا:

قیمہ (آدھا کلو)، ہرا دھنیا (آدھی گٹھی)، ادرک، لہسن (ایک چائے کا چمچا)، کارن فلور (ایک چائے کا چمچا)، نمک (ایک چائے کا چمچا)، دھنیا (ایک کھانے کا چمچا)، بیکنگ پاؤڈر (آدھا چائے کا چمچا)، زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)، گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)، ہری مرچ (دو عدد)، ڈبل روٹی کا توس (ایک عدد)

ترکیب:

قیمے کو صاف کر کے اس میں ہرا دھنیا، ادرک، لہسن، کورن فلور، نمک، دھنیا، بیکنگ پائوڈر، زیرہ، گرم مسالا، ہری مرچ، پیاز اور ڈبل روٹی کے توس  کو اچھی طرح ملا لیں۔ اس کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب اس آمیزے کے لمبے لمبے کباب بنالیں اور تل لیں۔

کری بنانے کے لیے:

پیاز کو تل لیں، پھر اس میں ادرک لہسن تلے ہوئے ٹماٹر اور ہری مرچیں شامل کریں۔ اس کے بعد اس میں تلے ہوئے کباب شامل کر کے دم پر رکھیں۔ آخر میں ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔