زہریلی شراب چنیسر گوٹھ میں تیار ہوئی، پینے والوں نے 3 مقامات سے خریدی

اسٹاف رپورٹر  پير 13 اکتوبر 2014
کچی شراب پینے والوں نے دنبہ گوٹھ،کھوئی گوٹھ اور ابراہیم حیدری کے اڈوں سے خریدی، پولیس کی انکوائری رپورٹ آج پیش ہوگی۔ فوٹو: فائل

کچی شراب پینے والوں نے دنبہ گوٹھ،کھوئی گوٹھ اور ابراہیم حیدری کے اڈوں سے خریدی، پولیس کی انکوائری رپورٹ آج پیش ہوگی۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر میں زہریلی کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والے افراد نے 3 مقامات سے شراب خریدی تھی، کچی شراب چنیسر گوٹھ میں تیار کی گئی، زہریلی کچی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کی انکوائری رپورٹ آج پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق عید قرباں پر شہر میں زہریلی کچی شراب پینے سے32 افراد ہلاک اور درجنوں کی کی حالت خراب ہوگئی تھی، آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ کو واقعے کا انکوائری افسر مقرر کرکے3 دن میں تحقیق مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ، ڈی آئی ایسٹ منیر شیخ نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون،ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون2، ایس ایس پی کورنگی اور ایس پی لانڈھی پر مشتمل 4 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی، مذکورہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے جسے آج اعلیٰ حکام کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں اس بات کا تعین کیا گیا ہے کہ مرنے والے افراد نے زہریلی کچی شراب کن مقامات سے خریدی، زہریلی کچی شراب پینے والوں نے شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے دنبہ گوٹھ، شاہ لطیف ٹائون تھانے کی حدود کھوئی گوٹھ اور ابراہیم حیدری میں قائم کچی شراب کے اڈوں سے خریدی تھی ، مذکورہ زہریلی کچی شراب محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں تیار کی گئی، ضلع جنوبی میں کچی شراب پینے سے ہلاکتیں چنیسر گوٹھ کے اڈے سے خریدی گئی شراب کے باعث ہوئی تھیں۔

مذکورہ علاقوں میں زہریلی شراب اسمگل کرنے اور فروخت کرنے میں طاہر بلوچ اور 6 ملزمان ملوث ہیں، رپورٹ میں معطل کیے جانے والے تھانیداروں کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے،معطل تھانیداروں کو علم ہی نہ تھا کہ ان کے تھانوں کی حدود میں کچی شراب تیار اور فروخت ہورہی ہے، انکوائری رپورٹ میں ضلع شرقی میں موجود کچی شراب کی بھٹیوں، فیکٹریوں اور کچی شراب بیچنے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ متعلقہ تھانوں میں ایماندار تھانیدار تعینات کیے جائیں تاکہ وہ منشیات کے اڈوں کا خاتمہ اور مکرہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرسکیں، پولیس ذرائع کے مطابق زہریلی کچی شراب کی فروخت اور اسمگلنگ میں ملوث ملزم طاہر بلوچ کا تعلق گینگ وار سے ہے زہریلی کچی شراب پینے سے ہلاکتوں کے بعد ملزم کے خلاف کورنگی صنعتی تھانے سمیت مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گیے ہیں جن میں ملزم طاہر بلوچ پولیس کو مطلوب ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔