ترکی نے داعش کے خلاف امریکہ کوفضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے کی تردید کردی

ویب ڈیسک  پير 13 اکتوبر 2014
داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے لئے امریکا اس وقت متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کے ہوائی اڈے استعمال کر رہا ہے. فوٹو: فائل

داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے لئے امریکا اس وقت متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کے ہوائی اڈے استعمال کر رہا ہے. فوٹو: فائل

واشنگٹن: ترکی نے امریکہ کے اس بیان کی تردید کی ہےجس میں کہا گیا تھا کہ  ترکی نےامریکہ کو اپنے فضائی اڈوں کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  ترک حکومت نے امریکہ کو فضائی اڈوں تک رسائی کی اجازت نہیں دی ہے اور نہ ہی اسی سلسلے میں کوئی معاہدہ طے پایا ہے۔ 

حکومتی حکام کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ترکی میں کوئی ایسا نیا معاہدہ طے نہیں پایا جس کے مطابق امریکی فوج کو انکرلیک ایئر بیس استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہو۔ یہ ایئربیس پہلے امریکی فوج انسانی خدمات اور سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس سلسلے میں بات چیت کا عمل جاری ہے تاہم ترک حکومت کے سابق موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

اس سے قبلامریکا کی قومی سلامتی کے مشیر سوزن رائس نے کہا تھا کہ  ترکی نے عراق اور شام میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار جنگو تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کے خلاف اپنے فضائی اڈے امریکا کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر سوزن رائس کا کہنا تھا کہ ترکی نے امریکا اور نیٹو کو داعش کے خلاف اپنے فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، امریکا ترکی کی جانب سے انقرہ کے جنوب میں واقع انسرلک اییر بیس کے استعمال کی اجازت دینے کا خیر مقدم کرتا ہے تاہم اس حوالے سے ترکی کے کسی حکومتی عہدیدار کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔  وزیر دفاع چک ہیگل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی وزیردفاع نے اپنے ترکیش ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور شام میں داعش کے خلاف برسر پیکار افراد کو تربیت فراہم کرنے اور ناٹو ممالک کی معاونت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو بھی شام کی اپوزیشن کی حمایت اور داعش کے خلاف ایک تیسری فورس کے قیام کے لئے روز دیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ترکی کی پارلیمنٹ داعش کے خلاف عراق اور شام میں فوجی آپریشن کے حق میں قرارداد منظور کر چکی ہے۔ اس وقت داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کے لئے امریکا متحدہ عرب امارات، کویت اور قطر کے ہوائی اڈے استعمال کر رہا ہے جو عراق اور شام کی سرحد سے دور واقع ہیں جب کہ اس کے بر خلاف ترکی کے ہوائی اڈے داعش کے ٹھکانوں سے قریب ہیں۔ ترکی کی جانب سے امریکا کو اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت کو داعش کے خلاف جاری آپریشن میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔