ون ڈے کرکٹ، نیوزی لینڈ شکست سے بال بال بچ گیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 16 اکتوبر 2014
لنکون : اسکاٹ لینڈ کیخلاف کیوی اسپنر ڈینئیل ویٹوری ایکشن میں، کئی ماہ بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں واپسی اختیار کرنیو الے بولر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔  فوٹو : گیٹی امیجز

لنکون : اسکاٹ لینڈ کیخلاف کیوی اسپنر ڈینئیل ویٹوری ایکشن میں، کئی ماہ بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں واپسی اختیار کرنیو الے بولر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔ فوٹو : گیٹی امیجز

لنکون: اسکاٹ لینڈ کیخلاف نیوزی لینڈ شکست سے بال بال بچ گیا، میزبان کیویز نے سنسنی خیز مقابلہ 1 رن سے جیت لیا۔

فتح کیلیے 264 رنز کا تعاقب کرنے والی اسکاٹش ٹیم 262 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی،یورپی ٹیم اختتامی 6 گیندوں پر فتح کیلیے درکار 7 رنز نہیں بناسکی، ماجد حق 10 پر ناٹ آؤٹ رہے، میٹ میکن 83 اور فریڈی کولمین 56 رنز بناکر نمایاں رہے، کورے اینڈرسن نے آل راؤنڈ پرفارمنس دیتے ہوئے 4 شکار کیے اور ففٹی بھی بنائی،  کیوی کپتان برینڈن میک کولم کی نصف سنچری بھی نمایاں رہی، رچرڈ بیرنگٹن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ ایسوسی ایٹ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ الیون نے اسکاٹ لینڈ کو اعصاب شکن مقابلے میں ایک رن سے ہرادیا، کیوی ٹیم شکست سے بال بال بچ گئی، فتح کیلیے 263 رنز کا تعاقب کرنے والی اسکاٹش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 262 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، یورپی ٹیم سے اختتامی اوور میں فتح کیلیے درکار 7 رنز نہیں بنائے جاسکے، الیسڈر ایوانز نے اگرچہ تیسری گیند پر چوکا لگایا لیکن اس کے بعد اگلی دو گیندوں پر کیوی بولر مچل میک گلیشن نے کوئی رن نہیں بننے دیا جبکہ اختتامی گیند پر ایوانز رنز بنانے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔

اوپنر کائل کوئٹزر کے صفر پر میدان بدر ہونے کے بعد ہمیش گارڈینر نے 54 رنز کھیل کر اسکاٹش ٹیم کو منزل کی جانب رواں رکھا، میٹ میکن 83 اور فریڈی کولمین نے بھی 56 کی اننگز کھیل کر کیوی بولرز کو خوب پریشان کیا، تاہم ٹیل اینڈرز ان تینوں کی کاوشوں کو کارآمد بنانے میں ناکام رہے، کورے اینڈرسن نے47 رنزدیکر4 وکٹوں کا سودا کیا جبکہ کائل ملز نے 26 رنز کے عوض 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل کیویز نے تمام وکٹوں پر263 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، کپتان برینڈن میک کولم 52 اور کورے اینڈرسن 53 کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے، ویٹوری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر کوئی وکٹ نہیں لے پائے، انھوں نے 10 اوورز میں 43 رنز دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔