دھرنا ڈرامے کا دھڑن تختہ ہوگیا اور آئندہ چند روز میں یہ اپنی موت مرجائیں گے، سعد رفیق

ویب ڈیسک  جمعرات 16 اکتوبر 2014
عمران خان،طاہر القادری، پرویز مشرف اور چوہدری برادران ملک کے خلاف ناپاک عزائم رکھتے ہیں، خواجہ سعد رفیق
فوٹو: فائل

عمران خان،طاہر القادری، پرویز مشرف اور چوہدری برادران ملک کے خلاف ناپاک عزائم رکھتے ہیں، خواجہ سعد رفیق فوٹو: فائل

راولپنڈی: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ دھرنا ڈرامے کا دھڑن تختہ ہوگیا اور آئندہ چند روز میں دھرنے خود ہی اپنی موت مرجائیں گے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ دھرنا ڈرامے کا دھڑن تختہ ہوگیا اور آئندہ چند روز میں دھرنے خود ہی اپنی موت مرجائیں گے،عمران خان، ڈاکٹر طاہر القادری، پرویز مشرف اور چوہدری برادران ملک کے خلاف ناپاک عزائم رکھتے ہیں، عمران خان اورطاہرالقادری نے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں رکاوٹ ڈالی، چین کے صدر نے بھارت میں 20ارب ڈالر کے معاہدے کئے لیکن وہ دھرنوں کی وجہ سے پاکستان نہیں آسکے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت  بجلی تو استعمال کررہی ہے لیکن بل ادا نہیں  کررہی جس پر آئیسکو اپنے قوانین کے مطابق ان کی بجلی کاٹ رہی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملتان کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کواخلاقی شکست ہوچکی کیوں کہ کرپشن میں لتھڑے ہوئے امیدوار کی حمایت ان کی اخلاقی شکست ہے، ملتان میں درحقیقت جمہوریت اور جھوٹ کا مقابلہ ہے اور ہم  جھوٹ کے مقابلے میں  جمہوریت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پر انتخابات میں  دھاندلی کروانے کا جھوٹا الزام لگایا گیا ہم نے مخالفوں  کی جیت کو تسلیم کیا، دھاندلی کے الزام لگانے والے اگر سچے ہیں تو عدالت جائیں  لیکن وہ ایسا نہیں کررہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔