مجھے عوام نے نہیں تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  جمعرات 16 اکتوبر 2014
عمران خان یا طاہرالقادری کے پاس بھی حکومتیں بدلنے کا نسخہ بیلٹ باکس ہی ہونا چاہئے، جاوید ہاشمی، فوٹو:فائل

عمران خان یا طاہرالقادری کے پاس بھی حکومتیں بدلنے کا نسخہ بیلٹ باکس ہی ہونا چاہئے، جاوید ہاشمی، فوٹو:فائل

ملتان: تحریک انصاف کےسابق صدر اور ملتان کے ضمنی انتخاب کے امیدوار جاوید ہاشمی نے الیکشن میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے عوام نے نہیں ہر سیاسی جماعت نے مسترد کردیا لیکن کسی کی حمایت کے بغیر اتنے ووٹ حاصل کرنا میری شکست نہیں۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ کنٹینرز کے ذریعے حکومتیں نہیں بدلی جاتیں اور یہ حقیقت آج ثابت ہوچکی ہے، عمران خان یا طاہرالقادری کے پاس بھی حکومتیں بدلنے کا نسخہ بیلٹ باکس ہی ہونا چاہئے کیونکہ تبدیلی کا واحد راستہ انتخابات ہیں اور دوسری چیزیں تباہی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جو چاہتا تھا اس میں کامیاب ہوا آج تمام طاقتیں ووٹ کے راستے پر آنے میں کامیاب ہوگئی ہیں جبکہ ضمنی الیکشن کے نتائج میرے حق میں نہیں آئے لیکن عوام کا شکر گزار ہوں اور ان کے ہر فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے مخالف امیدوار کو جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا میں اپنے حلقے کی بنیاد پر الیکشن لڑرہا تھا اور بغیر کسی حمایت کے اتنے ووٹ حاصل کرنا میری شکست نہیں، (ن) لیگ نے میری براہ راست مدد نہیں کی اور نہ ہی میں اس کا خواہاں تھا لیکن ان کے کارکنان نے بہت محنت کی جس پر ان کا شکر گزار ہوں جبکہ تحریک انصاف نے بھی غصے میں بہت محنت اور بھرپور کوشش کی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرے حلقے کے لوگوں نے شکوہ کیا کہ ہم آپ کو منتخب کرتے ہیں اور آپ استعفیٰ دے دیتے ہیں جس پر ا پنے لوگوں کو وضاحت نہیں دے سکا کیونکہ میں نے اصولی فیصلہ کیا تھا اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔