بینک آف چائنا انٹرنیشنل کی پاکستان میں برانچ کھولنے پرغور

بزنس رپورٹر  جمعـء 17 اکتوبر 2014
پاکستانی بینک کی چین میں شاخ کھولنے پربات چیت میں پیشرفت ہورہی ہے، بریفنگ فوٹو فائل

پاکستانی بینک کی چین میں شاخ کھولنے پربات چیت میں پیشرفت ہورہی ہے، بریفنگ فوٹو فائل

کراچی: اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر سعید احمد نے کہا ہے کہ شعبہ بینکاری میں قریبی تعاون سے چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بات انہوں نے بینک آف چائنا انٹرنیشنل (بی او سی آئی) کی چیف ایگزیکٹو آفیسرلی ٹونگ کے ساتھ خیر مقدمی ملاقات میں کہی۔ ’بی او سی آئی‘ بینک آف چائنا کا سرمایہ کاری بینکاری یونٹ ہے،لی ٹونگ چین کے 20 سے زائد بزنس مینوں کے گروپ کی سربراہی کر رہی ہیں، اسٹیٹ بینک میں منعقدہ اس اجلاس میں لی ٹونگ کے ہمراہ ایم ڈی اور وائس چیئرمین چینگ یان، مچائی چینگ، وانگ جیا اور مقامی نمائندے بھی تھے۔ بینک آف چائنا انٹرنیشنل کی سی ای او کے اسلام آباد میں اسٹیٹ بینک کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان میں بینک آف چائنا انٹرنیشنل کی برانچ کھولنے کے امکانات پر گفتگو کی جائے، ایگزیکٹو ڈائریکٹرایس بی پی محمد اشرف خان بھی اس موقع پرموجودتھے۔

لی ٹونگ کو بتایا گیا کہ پاکستان کے صف اول کے ایک بینک کی  برانچ کے مستقبل قریب میں چین میں قیام پر بات چیت کافی آگے بڑھ چکی ہے۔ سعید احمد نے بتایا کہ ایشیا انٹرنیشنل انفرااسٹرکچر بینک کے قیام کیلیے اکتوبر کے آخری ہفتے میں بیجنگ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے والے ہیں، تقریب میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔ لی ٹونگ اور ان کی ٹیم نے بی او سی آئی کے قیام کیلیے مزید پیشرفت میں دلچسپی ظاہر کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔