بک شاپ میں پھنس جانے والے شخص کو ٹویٹر نے دلائی آزادی

ویب ڈیسک  جمعـء 17 اکتوبر 2014
ڈیوڈولز نےٹوئٹر کے ذریعے شاپ کے مالک کو پیغام بھیجا کہ وہ ان کی دکان میں بند ہے جسے 8 ہزارسے زائد افراد نے ری ٹویٹ کیا۔   فوٹو:فائل

ڈیوڈولز نےٹوئٹر کے ذریعے شاپ کے مالک کو پیغام بھیجا کہ وہ ان کی دکان میں بند ہے جسے 8 ہزارسے زائد افراد نے ری ٹویٹ کیا۔ فوٹو:فائل

لندن: بک شاپ کی بالائی منزل پر ایک شخص کتاب پڑھنے میں اتنا کھو گیا کہ اور اسے وقت کا احساس ہی نہ ہوا جب کہ اس دوران بک شاپ کے مالک دکان بند کر کے گھر کو ہولیے اور وہ شخص اندر ہی رہ  گیا تاہم 2 گھنٹے بعد ٹویٹر کے ذریعے پیغام رسانی اس کی آزادی کا باعث بن گئی۔

امریکی ریاست ٹیکساس کا شہری ڈیوڈ ولز کسی کتاب کی تلاش میں لندن کی مشہور بک شاپ واٹراسٹون پہنچا اور مطلوبہ کتاب کی تلاش شروع کردی، اسی دوران وہ دکان کی بالائی منزل پر پہنچ گیا لیکن وہ وہاں  کتاب  پڑھنے میں اتنا مشغول ہوگیا کہ اسے احساس ہی نہ ہوا کہ دکان  بند ہوگئی، جب ڈیوڈ کچھ دیر بعد نیچے اترا تو اس نے  دیکھا کہ بک شاپ بند ہے تو اسے پریشانی لاحق ہوئی۔

ڈیوڈ ولز نے اس دوران ٹویٹر کے ذریعے دکان کے مالکان کے نام پیغام دیا کہ وہ ا ن کی واٹر اسٹون بک شاپ  میں بند ہوگیا ہے جسے 2 گھنٹے گزر گئے ہیں لہذا اسےیہاں سے نکالا جائے اور اس کے ساتھ ہی اس نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنی تصویر بھی لگادی جس میں وہ دکان کے شٹرز کے پیچھے کھڑا دکھائی دے رہا تھا،اس کی اس ٹویٹ کو 8 ہزار سے زائد افراد نے ری ٹویٹ کیا، اس کی یہ کوششں رنگ لے آئی اس دوران نہ صرف شاپ کے مالکان پہنچ گئے بلکہ پولیس بھی اس کی مدد کو آپہنچی اور یوں اس نے ایک بار پھر  آزاد فضا میں سانس لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔