ایرانی فورسز کی پاکستانی حدود میں ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ سے صوبیدار شہید، 3 اہلکار زخمی

نمائندہ ایکسپریس / ویب ڈیسک  جمعـء 17 اکتوبر 2014
ایرانی فورسز کے  اہلکاروں نے پاکستانی حدود میں کئی کلو میٹر اندر داخل ہوکر ایف سی  پر  بلااشتعال فائرنگ کی  فوٹو: بنارس خان/ایکسپریس

ایرانی فورسز کے اہلکاروں نے پاکستانی حدود میں کئی کلو میٹر اندر داخل ہوکر ایف سی پر بلااشتعال فائرنگ کی فوٹو: بنارس خان/ایکسپریس

کوئٹہ: ایرانی سیکیورٹی فورسز نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایف سی کی پیٹرولنگ کرنے والی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں صوبیدار شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پاک ایران سرحدی علاقے چوكاب میں ایف سی كی پیٹرولنگ پارٹی معمول كے گشت پر تھی كہ اس دوران موٹر سائیكلوں پر سوار مشتبہ شرپسند دكھائی دیئے جس پر ایف سی اہلكاروں نے ان كا تعاقب کیا لیکن جیسے ہی ایف سی كی پیٹرولنگ پارٹی پاک ایران بارڈر کے قریب پہنچی تو ایرانی سیكیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے پاکستانی حدود میں کئی کلو میٹر اندر تک داخل ہوکر ایف سی  پر بلااشتعال فائرنگ شروع كردی، ایرانی سیكیورٹی فورسز كی جانب سے فائرنگ كا سلسلہ تقریباً 6 گھنٹے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں صوبیدار شہید اور 3 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے ایف سی كی گاڑی بھی مكمل طور پر تباہ ہوگئی۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایرانی سیكیورٹی فورسز كی جانب سے فائرنگ كی شدید مذمت كرتے ہوئے كہا كہ مستقبل میں ایران كی جانب سے كسی بھی بلاجواز اور غیر قانونی جارحیت كا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن كے لئے پاكستان اور ایران كے درمیان اچھے تعلقات ناگزیر ہیں اور ضرورت اس امر كی ہے كہ دونوں ممالک كی سیكیورٹی فورسز مشترکہ طریقہ کار کے تحت پاک ایران سرحد كی بہتر طور پر نگرانی كے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ اگر پاکستانی حکومت نے اپنی سرزمین کو شدت پسندوں سے محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس کارروائی نہ کی تو ایران پاکستانی علاقے میں ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔