جمہوریت کیلئے قربانیاں دینے والوں کو آج خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، آصف زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اکتوبر 2014
دہشتگرد مذہب کے نام پر جمہوری طاقتوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں لیکن بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا،کوچیئرمین پی پی  فوٹو:ایکسپریس/فائل

دہشتگرد مذہب کے نام پر جمہوری طاقتوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں لیکن بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا،کوچیئرمین پی پی فوٹو:ایکسپریس/فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد مذہب کے نام پر جمہوری طاقتوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں لیکن بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا، اس مقصد کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج کے جلسے کا اہتمام پاکستان پیپلزپارٹی نے کیا ہے جو نئی تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اورپاکستان کے دشمن محترمہ کے آنے کا انتظار کررہے تھے جبکہ وہ تمام خطرات کے باوجود 7 سال قبل آج کے ہی روز طن واپس آئیں اور ان کے قافلے پر حملہ کردیا گیا جس میں 200 کارکن اور جمہوریت پسند شہید ہوئے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک طرف دہشتگردوں سے خطرہ اور دوسرا آمریت سے تاہم پیپلزپارٹی نے 1973 کے آئین کو بحال کیا اور ملک میں جمہوریت کو فروغ دیا جبکہ ایک سال کے اندرآمر کو گھر بھی بھیجا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔