ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، سرحدی خلاف ورزی پر احتجاج

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 19 اکتوبر 2014
ایف سی اور لیویزاہلکاروں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کرعلاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ فائل فوٹو

ایف سی اور لیویزاہلکاروں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کرعلاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ فائل فوٹو

اسلام آباد / کوئٹہ: پاکستان نے ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی اورایک سیکیورٹی اہلکار کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ہفتے کوایرانی سفیر علی رضا کو دفترخارجہ طلب کیاگیا اور ان سے پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر شدیداحتجاج کیاگیا۔ ایرانی سفیر سے مطالبہ کیا گیاکہ واقعے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ ایرانی بارڈرفورسز کی فائرنگ سے 4پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب ایرانی سرحدی محافظوں نے پاکستان کی حدود کی پھرخلاف ورزی کرتے ہوئے ماشخیل میں 3مارٹر گولے فائرکیے۔ ہفتے کو ایک سیکیورٹی اہلکارنے نجی ٹی وی کو بتایاکہ پاک ایران سرحد کے قریب 3روز سے مسلسل پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایرانی بارڈرگارڈز کی جانب سے فائرکیے جانے والے مارٹر گولے ماشخیل کے قریب ایک صحرائی علاقے میں گرے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ ایف سی اور لیویزاہلکاروں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کرعلاقے کوگھیرے میں لے لیا۔ بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ ایرانی سرحدی فورسزکی جانب سے سرحدکی خلاف ورزی کا معاملہ ایرانی دفترخارجہ کے سامنے اٹھایاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔