مصر میں فوجی گاڑی کے قریب بم دھماکے میں 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی

اے ایف پی  اتوار 19 اکتوبر 2014
مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد صحرائے سینا میں متعدد بارفوجی و پولیس اہلکاروں کونشانہ بنایا جاچکا ہے۔   فوٹو اے ایف پی/فائل

مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد صحرائے سینا میں متعدد بارفوجی و پولیس اہلکاروں کونشانہ بنایا جاچکا ہے۔ فوٹو اے ایف پی/فائل

قاہرہ: مصر کے جزیرہ نما صحرائے سینا میں روڈ کنارے نصب بم پھٹنے سے 7 مصری فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فوجی حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکا سینا کے شورش زدہ مشرقی علاقے میں فوجی اہلکاروں کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 7اہلکار ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جب  دھماکے کے نتیجے میں فوجی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا، سیکیورٹی اور ریسکیو کی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ فوج کی جانب سے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شدت پسندوں کی جانب سے صحرائے سینا میں پولیس اور فوجی اہلکاروں کو متعدد بار دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاچکا ہے جس میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔