زرداری نے متحدہ کومنانے کیلیے رحمن ملک کوٹاسک سونپ دیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 21 اکتوبر 2014
سینیٹر عبدالرحمن ملک جلد ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے، فوٹو: فائل

سینیٹر عبدالرحمن ملک جلد ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے، فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ایم کیو ایم سے بات چیت کا اختیارسینیٹر عبدالرحمن ملک کودے دیا ہے ۔

سینیٹر عبدالرحمن ملک نے پیر کو بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کی سندھ حکومت سے علیحدگی پر غور کیا گیا ۔امکان ہے کہ سینیٹر عبدالرحمن ملک جلد ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے اور دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات کو حل کرنے کوشش کی جائے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمن ملک اس سلسلے میں گورنرسندھ سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کے لیے لندن بھی جاسکتے ہیں ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان جلد معاملات طے پا جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔