مشہورایتھلیٹ آسکر پسٹوریس کو گرل فرینڈ کے قتل کے جرم میں 5 سال قید کی سزا

ویب ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
پسٹوریس اپنی سزا کے 10 ماہ جیل اوباقی کمیونٹی سروس میں گزاریں گے، وکیل آسکرپسٹوریس

پسٹوریس اپنی سزا کے 10 ماہ جیل اوباقی کمیونٹی سروس میں گزاریں گے، وکیل آسکرپسٹوریس

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کی عدالت کی جانب سے  مشہورایتھلیٹ آسکر پسٹوریس کو گرل فرینڈ  کو  قتل کرنے کے جرم میں 5 سال قید کی سزا سنائے جانے کے  بعد انہیں پریٹوریا گوسی کی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

جنوبی افریقا کی عدالت کے جج تھوکوسیل ماسیپا نے پسٹوریس کو  5 سال کی قید کی سزا کے ساتھ  غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں بھی 3 سال معطل سزا کا حکم سنایا، عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد فیصلے پر لڑکی کے والدین نے خوشی کا اظہار کیا  جب کہ پسٹوریس کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں 10 ماہ جیل میں رہنا پڑے گا جب کہ باقی سزا کمیونٹی سروس میں کاٹیں گے، اس سے قبل عدالت نے پسٹوریس کو قتل کیس سے بری کردیا تھا اور ان پر غلطی سے قتل کرنے کا مقدمہ چل رہا تھا۔

واضح رہے کہ اولمپئین آسکر پسٹوریس نے گزشتہ سال ویلنٹائن ڈے پراپنی گرل فرینڈ  ریوا اسٹین کیمپ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا اور  پسٹوریس کا مؤقف تھا کہ انہوں نے غلطی سے فائرنگ کی وہ سمجھے  کہ کوئی مشتبہ شخص ان کے گھر میں  گھس آیا ہے جب کہ  ریوا کیمپ مشہورماڈل ،ریلئٹی ٹی وی اسٹار اور لا گریجوٹیس تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔