ضلع جنوبی میں محرم کے حوالے سے ایمرجنسی نافذ، افسران کی چھٹیاں منسوخ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 اکتوبر 2014
 جلوس کی گذرگاہوں سے ٹھیلے پتھارے اور دیگر تجاوزات کاخاتمہ کیاجارہاہے،سڑکوں کی مرمت کے کام میں تیزی فوٹو: ایکسپریس/فائل

جلوس کی گذرگاہوں سے ٹھیلے پتھارے اور دیگر تجاوزات کاخاتمہ کیاجارہاہے،سڑکوں کی مرمت کے کام میں تیزی فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: محرم الحرام کے سلسلے میں ڈی ایم سی جنوبی نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی، ڈی ایم سی جنوبی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

بلدیہ جنوبی کے دفتر میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا گیا، ڈی ایم سی جنوبی کے دفتر میں محرم الحرام کے موقع پر صحت و صفائی، روشنی و دیگر بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا ، رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام امن وسلامتی کا دین ہے مسلک اور مذہب کے نام پردہشت گردی کرنیوالوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، ایڈمنسٹریٹر محمد رئیسی نے بلدیہ جنوبی کی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایم سی جنوبی میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں،جلوس کی گذرگاہوں ، امام بارگاہوں، مساجد، وعظ اور مجالس کے مقامات پر صحت وصفائی ، روشنی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، قابل اعتراض پوسٹرز اور اشتعال انگیز نعروں کو مٹانے کا کام جاری ہے ۔

مختلف سڑکوں اور گلیوں میں استرکاری وپیچ ورک کا ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اس کے علاوہ جلوس کی گذرگاہوں سے ٹھیلے پتھارے اور دیگر تجاوزات کاخاتمہ کیاجارہاہے ،عوامی شکایات کے فوری ازالے اورجلوس کیلیے کیے گئے انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ کیلیے بلدیہ جنوبی کے مرکزی دفتر واقع کے آر ایس کیپٹن روڈ نزد حقانی چوک پر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کے ٹیلیفون نمبرز 99211429-99211390 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے،اس موقع پر سیکریٹری پاک حسینیہ آرگنائزیشن پاکستان غلام عباس بادامی نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ انتظامیہ کی جانب سے اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجالس کے مقامات اور جلوس کی گذرگاہوں کے اطراف کچرا کنڈیوں کوروزانہ کی بنیادپر صاف کیاجائے،اسٹریٹ لائٹس کو روشن رکھاجائے اور کھلے ہوئے اور ٹوٹے ہوئے مین ہولزپر ڈھکن لگانے اور مرمت کاکام فوراً مکمل کرلیں اور مذکورہ علاقوں کولوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کیاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔