دبئی ٹیسٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

ویب ڈیسک  اتوار 26 اکتوبر 2014
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ذوالفقار بابر نے 5 اور یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔  فوٹو: گیٹی امیجز

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ذوالفقار بابر نے 5 اور یاسر شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

دبئی: دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو 221 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی جبکہ میچ میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں نمبر پر آگئی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان نے ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی شاندار بالنگ کے باعث آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کے پانچویں روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا آغاز 59 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کیا لیکن 92  کے مجموعی اسکور پر کرس روجر 43 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے جب کہ 101 کے مجموعی اسکور پر ذوالفقار بابر نے مچل مارش کو بھی کیچ آؤٹ کرادیا، بریڈ ہیڈن بھی کھاتا کھولے بغیر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اسٹیون اسمتھ  55 جب کہ مچل جانسن 61  رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پیٹر سڈل تھے جو ذوالفقار بابر کا پانچواں شکار بنے اور اس طرح پوری آسٹریلیوی ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے جب کہ سرفراز احمد، ذوالفقار بابر اور احمد شہزاد کی پوزیشنز میں بھی بہتری آئی ہے۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے یاسر شاہ نے پہلی اننگز میں 3 جب کہ دوسری اننگز میں 4 شکار کئے اور اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔ یونس خان کو میچ کی دونوں اننگز میں شاندار سنچریاں اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 2 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی اور آسٹریلیا کو جیت کے لئے 439 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کینگروز بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور چوتھے روز کھیل کے اختتام تک کینگروز ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2،2 وکٹیں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز کیا تو احمد شہزاد 22 اور اظہر علی 16 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، پاکستان کی پہلی وکٹ 71 کے مجموعی اسکور پر گری جب اظہر علی 30 رنز بنا کر اوکیفی کی بال پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد احمد شہزاد اور یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلوی بالرز کی ایک نہ چلنے دی۔ احمد شہزاد نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی ۔ چائے کے وقفے پر احمد شہزاد 131 رنز بنا کر اسٹیو اوکیفی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد سرفراز احمد نے یونس خان کا ساتھ دیا جنہوں نے کینگروز کے خلاف دوسری اننگز میں بھی اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز پر اننگز ڈکلئیر کردی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان اور سرفراز احمد کی سنچریوں کی بدولت 454 رنز بنائے تھے جبکہ کینگروز ٹیم پہلی اننگز میں 303 رنز ہی بنا سکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔