کراچی میں 35 ارب روپے مالیت کے سونے کی اسمگلنگ کا انکشاف

ویب ڈیسک  بدھ 22 اکتوبر 2014
ڈی جی ایف آئی اے نے گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کر کے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے فوٹو:فائل

ڈی جی ایف آئی اے نے گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کر کے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے فوٹو:فائل

کراچی: شہر میں جعلی کسٹم دستاویزات کے ذریعے سے اربوں روپے کا سونا اسمگل ہونے کا انکشاف ہوا ہے اورایکسپریس نیوز پراس حوالے سے چلنے والی خبر کا وزیرداخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے  ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے سندھ زون کی تحقیقات کے دوران کراچی میں 35 ارب روپے مالیت کے سونے کی اسمگلنگ کا انکشاف ہوا، یہ سونا جعلی کسٹم دستاویزات کے ذریعے کراچی منگوایا گیا اور جب ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا تو یہ بات سامنے آئی کہ یہ سونا اسمگل کیا گیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے غالب بندیشہ نے گورنر اسٹیٹ بینک سے ملاقات کر کے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ صرافہ مارکیٹ جیولرز کی جانب سے ایف آئی پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ اگر معاملے کی تحقیقات آگے بڑھائی گئیں تو پھر سخت درعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سونے کی اسمگلنگ کو بدترین قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو معاملے کی بغیر کسی دباؤ کے میرٹ کی بنیاد پر تحقیقات کرنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کے نام سامنے لانے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔