نائن زیرو کے قریب بم دھماکا کرنیوالے 2 طالبان کارندے مقابلے میں ہلاک

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 اکتوبر 2014

کراچی: کورنگی میں سی آئی ڈی پولیس نے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو ہلاک کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مارے جانے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گودام چورنگی کے قریب سی آئی ڈی آپریشن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو ہلاک کر کے 2 پستول اور 2 دستی بم برآمد کرلیے، اس حوالے سے سی آئی ڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو شہر میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس مقابلے میں شامل سی آئی ڈی پولیس کے اے ایس آئی دلشاد کے مطابق خفیہ اطلاع پر کورنگی گودام چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی تاہم پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان کو ہلاک کر دیا جن کی بعدازاں شناخت 30 سالہ افضل خان اور28 سالہ عبدالجلال کے نام سے کی گئی، ملزمان نے فرنٹیئر کالونی میں رہائش پذیر مومن خان نامی شخص کے گھر پر 7 بار کریکر حملے کیے تھے جبکہ انھوں نے مومن آباد کے علاقے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکا کیا تھا۔

مقابلے میں مارے جانے والے ملزمان نے گزشتہ سال الیکشن میں متحدہ کے مرکز نائن زیرو کے عقب میں بلاک بم کے ذریعے بم دھماکا کیا تھا جبکہ یونیورسٹی روڈ پر ایک پروفیسر کی گاڑی پر بم سے حملہ کیا تھا، پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مبینہ دہشت گرد بنارس کے رہائشی تھے، پولیس دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی دیگر وارداتوں کا ریکارڈ مرتب کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔