جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 72 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اکتوبر 2014
ہاشم آملہ 119، ڈپلوسی 67، کپتان اے بی ڈویلئرز 37 اور جے پی ڈومنی 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ فوٹو؛ گیٹی امیج

ہاشم آملہ 119، ڈپلوسی 67، کپتان اے بی ڈویلئرز 37 اور جے پی ڈومنی 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ فوٹو؛ گیٹی امیج

اوول: جنوبی افریقا نے ہاشم آملہ کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں 72 رنز سے شکست دے کرسیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیویزکپتان برینڈم میکیولم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے پہلی وکٹ کی شراکت پر 56 رنز جوڑے اور ڈی کوک 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ہاشم آملہ نے فاف ڈپلوسی کے ساتھ  دوسری وکٹ پر 113 رنز کی شراکت قائم کی۔ پروٹیز بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز بولروں کی خوب پٹائی کی، ہاشم آملہ 119، ڈپلوسی 67، کپتان اے بی ڈویلئرز 37 اور جے پی ڈومنی 19 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔

283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 210 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لیوک لانچی 79، مچل میکلینگن 34 اور ڈین برولن 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے، پروٹیز کی جانب سے ڈیل اسٹین، فلنڈر، اے بی ڈویلئرز اور عمران طاہر نے 2،2  جبکہ مورنی مورکل اور جے پی ڈومنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، میچ کے سلطان ہاشم آملہ کو شاندارپرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔