کراچی، رینجرز سے مقابلہ 3 گینگسٹر مارے گئے، فائرنگ و تشدد، پی پی عہدیدار سمیت 4 ہلاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
لیاری گینگ وارعذیر گروپ کے30 سالہ محمد حنیف ناگوری عرف کیلا،30 سالہ سمیر بلوچ اور بالاج بلوچ کوہلاک کردیا۔ فوٹو: فائل

لیاری گینگ وارعذیر گروپ کے30 سالہ محمد حنیف ناگوری عرف کیلا،30 سالہ سمیر بلوچ اور بالاج بلوچ کوہلاک کردیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: رینجرز نے لیاری میں مقابلے کے دوران گینگ وارعذیر گروپ کے 3کارندوں کو ہلاک کر کے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ  اوردستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، لیاری گینگ وار کے ایک درجن سے زائد کارندوں کوحراست میں لے کر تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ تھانے کی حدودلیاری تغلق لائن اورآدم ٹی اسٹاپ پر رینجر نے مبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وارعذیر گروپ کے30 سالہ محمد حنیف ناگوری عرف کیلا،30 سالہ سمیر بلوچ اور بالاج بلوچ کوہلاک کردیا اورلاشیں چاکیواڑہ پولیس کے سپردکردیں،پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،دستی بم اوراوان گولے برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے، لاشیں اسپتال لائی گئیں تواہلخانہ بھی اسپتال پہنچ گئے جہاں انھوں نے رینجرز اور پولیس کے خلاف شدیداحتجاج شروع کردیا، مشتعل افراد کا کہناتھاکہ پولیس اوررینجرز حراست میں لیے جانے والے افراد کوجعلی مقابلے میں ہلاک کررہی ہے۔

مظاہرین کاکہنا تھا کہ مزید5افرادقانون نافذ کرنے والے ادارے کی تحویل میں ہیں اورشبہ ہے کہ انھیں بھی جعلی مقابلے میں قتل کردیاجائے گا،مقابلے کے بعدلیاری کے علاقے مولا مدد روڈ، فوٹو لین، تغلق لین، میرا ناکہ، اور دبئی چوک پر لیاری گینگ وار کے گروپوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدگی پھیل گئی۔

کراچی میں فائرنگ اورتشددکے واقعات کے دوران پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدار سمیت4 افرادہلاک اورمتعددزخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کلاکوٹ میں عیدگاہ مسجدکے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ عبدالخالق عرف چاچو ہلاک ہوگیا،مقتول پیپلزپارٹی کاعہدیدار اور کے الیکٹرک کاریٹائرملازم تھا،فجرکی نمازکے بعدجب وہ مسجدسے باہر نکلا توگھات لگائے ملزمان نے سر اور سینے پرگولیاں ماردیں، مقتول نوالین کارہائشی تھا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹرون بلوچ گوٹھ بانس والی گلی میں کالی پیلی ٹیکسی نمبرKL-0390 کے ڈرائیور60 سالہ مقصود الرحمٰن کو اس کی ٹیکسی میں سوار نامعلوم ملزمان نے گردن اورہاتھ پر چھری کے پے در پے وار کر کے زخمی کرکے قتل کردیا۔پولیس کے مطاق مقصودشدید زخمی حالت میں ٹیکسی نے نکل کر مدد کے لیے پکارتا رہا کافی دیربعد علاقہ مکینوں نے ایمبولینس کو اطلاع دی جس پرایمبولینس نے موقع پرپہنچ کر اسے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑگیا۔

ملیرندی سے لاش ملی جس کی عمرتقریباً25برس ہے۔ پولیس کاکہناہے کہ واقعہ خودکشی معلوم ہوتاہے،علاقے سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق علاقہ مکینوں نے ایک نوجوان کوپل سے ندی میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا تھا،ممکنہ طورپرلاش اسی نوجوان کی ہے،فوری طور پرشناخت نہیں ہوسکی۔سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر ایل ون میں مکان نمبر 72 کے اندرپانی کے ٹینک سے 40 سالہ رخسانہ زوجہ ندیم کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق واقعہ پراسرار ہے،تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ رخسانہ کے شوہرندیم نے 2شادیاں کی تھیں،گھرکے باہر تالا تھا،رخسانہ کی چھوٹی بیٹی جب اسکول سے واپس آئی تو تالا دیکھ کرپڑوس میں چلی گئی تاہم جب ایک ڈیڑھ گھنٹے بعد بھی دروازہ نہیں کھلا تو پڑوسیوں میں بھی تشویش پائی گئی،علاقہ مکینوں نے باہم مشورے کے بعدتالا توڑا اور گھر کودیکھا تو گھر میں مزاحمت کے آثار پائے گئے،اسی دوران پانی کے ٹینک میں جھانکا توٹینک میں لاش تھی۔لیاری سنگولین میں فائرنگ سے50سالہ خالد،عبداللہ کالج کے قریب جلال،تین ہٹی پر گھر کے اندرنامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے شاہ محمد،بھینس کالونی7نمبرپر25 سالہ زبیر زخمی ہوگیا۔

بغدادی میں 35سالہ مرتضیٰ،پی آئی بی کالونی میں45سالہ عمران،پرانی سبزی منڈی کے قریب 35سالہ شاہ ولی جبکہ سرجانی ٹائون میں35سالہ نذیرزخمی ہوگیا۔ایئرپورٹ کے قریب کارپرفائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔پاک کالونی بسم اللہ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے تاج الدین زخمی ہوگیا۔تیسر ٹاؤن لیاری ایکسپریس وے کے قریب فائرنگ سے30 سالہ نوید،کورنگی نمبرڈھائی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے20سالہ شعیب، بزرٹہ لائن گلی نمبرایک میں نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر35سالہ عارف مسیح کوفائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔