پاکستانی فنکاروں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو متاثر کیا ہے، انیل کپور

عمیر علی انجم  اتوار 26 اکتوبر 2014
حنادلپزیرکی اداکاری میں نیاپن دکھائی دیتاہے، ممبئی میں نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو  فوٹو: اے ایف پی/فائل

حنادلپزیرکی اداکاری میں نیاپن دکھائی دیتاہے، ممبئی میں نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: بھارتی اداکاراورفلم پروڈیوسر انیل کپور نے کہاہے کہ پاکستانی فنکاروں نے اپنی اداکاری سے بھارتی فلم انڈسٹری کومتاثرکیاہے اس کے علاوہ  وہ خود پاکستانی ڈراموں کے مداح ہیں۔ 

ممبئی میں نمائندہ ایکسپریس سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے انیل کپور کا کہنا تھا کہ فوادخان اور سونم کپور نے بھارتی فلم خوبصورت میں ان کی سوچ کے مطابق کام کیا ہے‘ انہیں دونوں فنکاروں کے کام نے متاثر کیا اور فواد کی اداکاری نے فلم میں جان ڈال دی ہے جسے بھارتی عوام نے بھی پسند کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے فنکاروں نے اگر مستقبل میں اسی طرح مشترکہ پراجیکٹ کئے تو نئے آنے والے فنکاروں کوبہت کچھ سیکھنے کوملے گا۔

انیل کپور کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اکیڈمی میں اداکاری سیکھنے والے بچوں کو پاکستانی ڈرامے دکھاتے ہیں تاکہ انھیں ڈرامہ کی تکنیکی چیزوں سے آگاہی مل سکے۔ وہ خود بھی پاکستانی ڈراموں کے مداح ہیں، پاکستانی اداکارہ حنا دلپزیر کی اداکاری میں نیاپن دکھائی دیتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی چینلز میں پاکستانی ڈرامے نشر کرنا اچھی بات ہے اور اس کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔