لندن میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی مارچ میں بلاول کی تقریرکے دوران شرکا نے اسٹیج پر ٹماٹراورانڈے پھینک ڈالے

ویب ڈیسک  اتوار 26 اکتوبر 2014
لندن پولیس بلاول بھٹوزرداری کو بحفاظت اسٹیج سے اتار کرلے گئی فوٹو؛ایکسپریس نیوز

لندن پولیس بلاول بھٹوزرداری کو بحفاظت اسٹیج سے اتار کرلے گئی فوٹو؛ایکسپریس نیوز

لندن: برطانیہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والا ملین مارچ ہنگامہ آرائی میں بدل گیا جس کے بعد وہاں بھارت کے خلاف نعروں کے ساتھ ساتھ ” گو نواز گو“ اور ”گو بلاول گو“ کے نعرے بھی لگنا شروع ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں لاکھوں افراد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ملین مارچ کا انعقاد کیا جہاں شرکا نے مقبوضہ وادی پر بھارت کے تسلط کے خلاف شدید نعرے بازی کی تاہم جب بلاول بھٹو زرداری نے اسٹیج پر پہنچ کر تقریر کرنا شروع کی تو ملین مارچ بدنظمی کا شکار ہوگیا اور مارچ کے شرکا بھارت کے خلاف نعرے لگاتے لگاتے” گو نواز گو“ اور ”گو بلاول گو“ کے نعرے لگانا شروع ہوگئے۔ اس موقع پر مارچ کے شرکا نے اسٹیج پر پانی کی بوتلیں اور ٹماٹر بھی  پھینکے تاہم لندن پولیس بلاول بھٹوزرداری کو بحفاظت اسٹیج سے اتار کرلے گئی ۔

ملین مارچ میں ہنگامہ آرائی پر آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بھارتی ایجنٹوں نے بلاول کو کشمیر سے متعلق بات کرنے سے روکنے کی کوشش کی تاہم بھارتی ایجنٹ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے مارچ کے دوران اپنی تقریر مکمل کی اور وہ محفوظ بھی ہیں۔

دوسری جانب ملین مارچ کے شرکا نے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ جاکر برطانوی وزیراعظم کو ایک یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا ہی پیدا کردہ ہے لہٰذا وہ ہی  اسے حل کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔