پاکستان کی آسٹریلیا پر فتح

ایڈیٹوریل  منگل 28 اکتوبر 2014
 اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ ملک میں کرکٹ اسٹیڈیم آباد کرنے کے لیے کوششیں کرے۔ فوٹو: فائل

اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ ملک میں کرکٹ اسٹیڈیم آباد کرنے کے لیے کوششیں کرے۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دیدی۔ اس ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تجربہ کار بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کی دو اننگز میں سنچری اسکور کر کے میچ جیتنے کی بنیاد رکھی‘ اسپن باؤلر نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے ٹیسٹ میچ میں سات سات وکٹیں حاصل کیں۔

یہ میچ جیت کر اس ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا پر برتری حاصل کر لی ہے‘ اس میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ثابت کیا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور ان کے کھیل کے معیار میں کوئی فرق نہیں آیا ہے‘ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہرانا واقعی ایک کارنامہ ہے‘ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ ملک میں کرکٹ اسٹیڈیم آباد کرنے کے لیے کوششیں کرے۔ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو بھی آگے بڑھنا چاہیے۔ انھیں اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنی چاہئیں۔ کراچی‘ لاہور اور فیصل آباد میں کرکٹ میچ ہو سکتے ہیں کیونکہ اگر پاکستان کی سیاسی جماعتیں اپنے جلسے کر سکتی ہیں تو کرکٹ میچ کیوں نہیں ہو سکتے۔صرف حکومت کو حفاظتی اقدامات فول پروف بنانے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔