حکومت سے ڈیل ثابت کرنے والے کو 5 کروڑ روپے انعام دوں گا، طاہر القادری کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 28 اکتوبر 2014
انقلاب کی وجہ سے اب عوام جابر حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں، طاہر القادری فوٹو: فائل

انقلاب کی وجہ سے اب عوام جابر حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں، طاہر القادری فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کہتے ہیں کہ دھرنے کے خاتمے کے لئے ان کی حکومت سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی اگر کوئی یہ ثابت کردے تو وہ انہیں 5 کروڑ روپے انعام دیں گے۔

لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پر بیرون ملک روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت نافذ نہیں، لندن میں گزشتہ روز کشمیر ملین مارچ ہوا مگر کسی نے رکاوٹ کھڑی کی، نہ پولیس کی نفری طلب کی اور نہ ہی گولیاں اور شیل برسائے، اسے اصل جمہوریت کہتے ہیں۔ دھرنوں نے عوام کو سیاست اورسیاسی چال بازیوں سمیت بہت کچھ سکھا دیا۔ ان میں سیاسی اور معاشرتی شعور بیدار ہوا ہے لیکن حکومت ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت سیاسی میدان میں بھرپور طریقے سے اترے گی۔ حکومت سے ڈیل کی باتوں بے بنیاد ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں، 3 دن میں  ڈیل کا الزام ثابت کرنے والے کو وہ 5 کروڑ روپے انعام دیں گے۔ دنیا بھر میں اپنی جماعت کو منظم کرنے کے لئے بیرون ملک جارہے ہیں، چونکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اس وقت لندن میں ہیں اس لئے وہ وہاں قیام نہیں کریں گے، شمالی امریکا روانہ ہوجائیں گا وہیں ان کا زیادہ وقت گزرے گا، جہاں وہ اپنی جماعت کی تنظیم سازی کریں گے اور 13 نومبر کو کینیڈا میں آنکھوں کا علاج کرانے کے بعد 16 نومبر کو وطن واپس پاکستان آجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔