لندن میں بلاول بھٹو زرداری پر حملہ تحریک انصاف نے نہیں كرایا،عمران خان

ویب ڈیسک / نمائندہ ایکسپریس  بدھ 29 اکتوبر 2014
سندھ جتنی غربت دنیا میں كہیں نہیں اور وہاں آج بھی بھٹو كے نام پر لوٹ مار كی جا رہی ہے۔  فوٹو: آغا مہروز/ایکسپریس

سندھ جتنی غربت دنیا میں كہیں نہیں اور وہاں آج بھی بھٹو كے نام پر لوٹ مار كی جا رہی ہے۔ فوٹو: آغا مہروز/ایکسپریس

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لندن میں بلاول بھٹو زرداری پر حملہ تحریک انصاف نے نہیں  كرایا جب کہ  ہمیں تو ان كی برطانیہ میں موجودگی كا علم ہی نہیں تھا اگر كسی كو كھانسی بھی ہو تو اس كا الزام تحریک انصاف پر لگا دیا جاتا ہے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنے كے شركا سے خطاب كرتے ہوئے عمران خان نے كہا كہ سندھ جتنی غربت دنیا میں كہیں نہیں اور وہاں آج بھی بھٹو كے نام پر لوٹ مار كی جا رہی ہے لیکن آزادی مارچ لاڑكانہ پہنچ كر مظلوموں كو آزاد كرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 صوبوں كے ساتھ زیادتی كر رہے ہیں، ملک میں ہر روز 60 كروڑ روپے كی بجلی چوری كی جارہی ہے، پچھلے سال 15 ارب روپے كی بجلی چوری كی گئی جب كہ رواں سال یہ چوری 16 ارب تک جاپہنچی ہے لیکن اس کا خمیازہ بھی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور ان سے  ایک ارب 30 كروڑ روپے اضافی وصول كیے گئے اگربجلی چوری کا نقصان قیمتیں بڑھا کر عوام سے پورا کرنا ہے تو پھر وزیر کی کیا ضرورت ہے، میرے گھر کی  بجلی کٹنے کے بعد موم بتیوں پر گزارا کررہا ہوں  لیکن نواز شریف كے گھر كی 65 لاكھ روپے كا بل ادا نہ ہونے كے باوجود بجلی نہیں كاٹی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دیانتدار قیادت آجائے تو کالا باغ ڈیم سمیت تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

چیرمین تحریک انصاف نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری كو بھی شدید تنقید كا نشانہ بناتے ہوئے كہا كہ آج كل وہ بھی بھڑكیں مار رہے ہیں لیكن میں  ان كے مقابلے كے لئے بھی تیار ہوں۔ انہوں نے كہا كہ حكومت اپنی ناقص كاركردگی كی ذمہ داری دھرنے پر ڈال رہی ہے حالانكہ دھرنے سے پہلے ہی معاشی شرح نمو گر گئی تھی اور ورلڈ بینک كی رپورٹ كے مطابق ملک كی معاشی حالت پہلے ہی خراب تھی۔ انہوں نے كہا كہ وہ ڈیڑھ سال سے 4 حلقوں میں انصاف مانگ رہے ہیں لیكن اب تک انہیں انصاف نہیں ملا، اس موقع پر عمران خان نے اعلان كیا كہ ان كی جماعت 30 اكتوبر سے الیكشن كمیشن كے سامنے احتجاج شروع كرے گی اور یہ احتجاج ہر روز ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔