ملکی ترقی کیلیے کراچی میں امن ناگزیر ہے، سراج الحق

اسٹاف رپورٹر  بدھ 29 اکتوبر 2014
،پاکستان میں امن کے لیے کراچی میں امن ناگزیر ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: ایکسپریس

،پاکستان میں امن کے لیے کراچی میں امن ناگزیر ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے منگل کے روز کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ راشدی پیر صاحب پگاراسے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جو90منٹ تک جاری رہی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعدسراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے استحکام اور بقا و سلامتی کی واحد ضمانت یہ ہے کہ ملک میں عدل وانصاف اور میرٹ کی حکمرانی قائم کی جائے، جب تک ملک میں عدل و انصاف کا موثر نظام قائم نہیں ہوگا مسائل حل نہیں ہوں گے ،سراج الحق نے پیرپگارا سے ملاقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری ایک عرصے سے خواہش تھی کہ پیر صاحب سے ملاقات کی جائے ان کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی۔

ملاقات سے ہمیں حوصلہ ملا ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتیں پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی بہتری کیلیے سوچ رہی ہیں، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ ملک کی سلامتی ، بقا اورجمہوری نظام کے تحفظ کیلیے ہم آپس میں تعاون کریں گے،سندھ سمیت پوراملک اس وقت بدامنی اور انتشارکا شکار ہے معاشی حالت خراب ہو رہی ہے جس کا اثر غریب آدمی پر پڑ رہا ہے اورلوگوں کے اندر غم وغصہ ہے اگرسیاسی قائدین نے ملکر مسائل کاحل نہ نکالا تو عوام کی یہ خاموشی اور اضطراب کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، جب تک ملک میں عدل و انصاف کا موثر نظام قائم نہیں ہوگا ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

اس بات پراتفاق کیاگیا ہے کہ سندھ کے موجودہ حالات اس بات کے متحمل نہیں ہوسکتے کہ یہاں کے عوام کو آپس میں لڑایا جائے، انھوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ،پاکستان میں امن کے لیے کراچی میں امن ناگزیر ہے،سندھ میں جن دو جماعتوں نے حکومت کی ہے دونوں نے عوام کے مسائل حل نہیں کیے ہیں، سراج الحق نے کہا کہ میں نوازشریف اور عمران خان کو ایک بار پھر تجویز دے رہا ہوں کہ مذاکرات کی میز پر بیٹھیں اور مذاکرات سے ہی مسائل حل کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔