مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی، 3 نوجوان شہید، جھڑپ میں افسر مارا گیا

خبر ایجنسیاں / نیٹ نیوز  جمعرات 30 اکتوبر 2014
وادی میں نام نہاد انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، 25 نومبر کو 7 اضلاع میں ووٹنگ ہوگی، ڈی جی پولیس  فوٹو: فائل

وادی میں نام نہاد انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، 25 نومبر کو 7 اضلاع میں ووٹنگ ہوگی، ڈی جی پولیس فوٹو: فائل

سری نگر: بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گری کی تازہ کاروائی کے دوران 3 نوجوانوں کو شہید کردیا جبکہ جھرپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک افسر ہلاک ہوگیا دوسری طرف بھارت نے مقبوضہ وادی میں فورسز کی مزید 520 کمپنیاں تعینات کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ہندواڑہ  کے علاقے میں وڈر بالا راجواڑ کے جنگلات میں شہید کیا گیا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کاایک جونئیر کمیشنڈ آفیسر ہلاک ہوگیا تھا، بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن تیز کردیا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔

دریں اثنا بھارت نام نہاد اسمبلی انتخابات کے بہانے فوج و پولیس کی مزید 520 کمپنیاں مقبوضہ کشمیرمیں بھیج رہا ہے، مقبوضہ علاقے میں تعینات پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے راجندرا نے سری نگر میں اجلاس میں کہا کہ انتخابات کے دوران سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی 520 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی جن میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، سی آئی سی ایف اور آر پی ایف شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ کمپنیاں جلد ہی  بھارت سے مقبوضہ علاقے پہنچ جائیں گی۔ دوسری طرف بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جموں و کشمیر اسمبلی کے 5 مرحلہ وار نام نہاد انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 7 اضلاع میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے جن میں  وادی کشمیر، کارگل، لداخ ، لییہ، کشتواڑ، ڈوڈہ اور بانڈی پورہ شامل ہیں جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ووٹوں کی گنتی 23 دسمبر کو ہوگی۔ انتخابات کو شفاف اور ہموار بنانے کے لیے 565 سیکیورٹی کمپنیز سے مدد طلب کی گئی ہے۔دوسرے مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن سات نومبر کو جاری کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔