سمندری طوفان " نیلوفر" کی شدت میں کمی کے بعد خطرہ ٹل گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 30 اکتوبر 2014
سمندری طوفان پاکستان اوربھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے،چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

سمندری طوفان پاکستان اوربھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے،چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

کراچی: چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں تیز ہواؤں کے باعث بننے والے سمندری طوفان نیلوفر کی شدت میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد وہ پاکستان کے ساحل سے نہیں ٹکرائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توصیف عالم کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان آج شام یا رات کو ساحلی علاقوں کے قریب سے گزر جائے گا تاہم طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 650 کلو میٹر دوری پر ہے اور پاکستان اور بھارت کی سمندری حدود کا رخ کر رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری طوفان نیلوفر کے پیش نظر کراچی میں آج اور کل 20 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے جبکہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی انتظامیہ نے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی جس کے باوجود موسم میں خنکی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی جبکہ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی جنوبی، شرقی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر میں کل کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔