دھرنے سے جو حاصل کرنا تھا کرلیا، اور ہم پھر اکٹھے ہوسکتے ہیں، طاہر القادری

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعـء 31 اکتوبر 2014
ن لیگی ارکان گو نواز گو بلاک بنا رہے ہیں، پاکستان میں عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ بدعنوان حکمراں ہیں، طاہرالقادری۔ فوٹو: فائل

ن لیگی ارکان گو نواز گو بلاک بنا رہے ہیں، پاکستان میں عالمی طاقتوں کی مداخلت کی وجہ بدعنوان حکمراں ہیں، طاہرالقادری۔ فوٹو: فائل

ٹورنٹو / لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے دھرنے سے ہم نے جتنا کچھ حاصل کرنا تھا کر لیا اب شہر شہر جاکر جلسے کریں گے۔

ٹورنٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا عمران خان کو ستمبرمیں ہی بتا دیا تھا کہ دھرنوں سے فوری نتیجہ سامنے نہیں آئیگا اور یہ کہ اب اگر دھرنے جاری رہے تو الٹا نقصان ہوگا اور لوگ سوال کریں گے کہ اب کس لیے بیٹھے ہیں؟ طاہر القادری نے کہا کہ دھرنوں سے جتنا حاصل کرنا تھاکرلیا تاہم حکومت کا خاتمہ اور قومی حکومت کے قیام کا ہدف حاصل نہیں ہوا۔ عمران خان آزادانہ فیصلے کرنے کے مجاز ہیں، مستقبل میں عمران خان اور ہم دوبارہ سے اکٹھے ہو سکتے ہیں۔

کینیڈا میں پاکستانیوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت ایک تلخ حقیقت ہے اس کی وجہ بدعنوان اور نااہل حکمراں ہیں، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ہدایات بھی بیرون ملک سے آتی ہیں۔ یہ فرسودہ نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلیے پاکستان نہیں آئے گا۔ دھرنے سے ن لیگ کے اراکین اسمبلی کو بھی زبان مل گئی وہ بھی گو نواز گو بلاک تشکیل دے رہے ہیں۔ حقوق کیلیے پر امن اور موثر احتجاج کی روایت ہم نے ڈالی اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔