مایہ ناز بلے باز یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں مزید نئے ریکارڈ بناڈالے

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
یونس خان آسٹریلیا کیخلاف پہلی مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کی جب کہ وہ 8 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے. فوٹو؛فائل

یونس خان آسٹریلیا کیخلاف پہلی مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کی جب کہ وہ 8 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے. فوٹو؛فائل

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھرپور کامیابی کے بعد مایہ ناز بلے باز یونس خان نے دوسرے میچ میں بھی نئے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔

دبئی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے دوسرے روز یونس خان نے ڈبل سینچری مکمل کر کے جہاں اپنے 8 ہزار رنز مکمل کئے وہیں ٹیسٹ کرکٹ میں 8 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے،اس سے قبل جاوید میانداد نے 124 ٹیسٹ میچز میں 8 ہزار 832 رنز بنائے جبکہ انضمام الحق  119 میچز میں 8 ہزار 829 رنز بناچکے ہیں۔

یونس خان 89 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری سنچری اسکور کرنے والے نہ صرف پاکستان  بلکہ دنیا کے پہلے  کھلاڑی بن گئے ہیں جب کہ اس سے قبل 1925 میں انگلینڈ کے بیٹسمین ہربرٹ سٹ کلف نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، یہی نہیں مایہ ناز بلے باز سب سے زیادہ 27 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بھی بن چکے ہیں جبکہ اس سے قبل سابق کپتان انضمام الحق کو یہ اعزاز حاصل تھا۔

دبئی ٹیسٹ میں یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری بھی بنائی  اور مجموعی طور پر92 ٹیسٹ میچز میں وہ 52.47 کی اوسط سے 8 ہزار کا سنگ میل بھی عبور کرنے میں کامیاب ہوئے جس میں 27 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔